مشرف کو انٹرپول کے ذریعے لایا جا ئے
حیدرآباد(آن لائن) سینئر صوبائی وزیر خوراک اور پی پی پی سندھ کے صدر نثار احمد کھوڑو نے کہا ہے کہ سابق صدر پرویز مشرف اس قوم کا قاتل ہے جس نے پہلے جمہوریت کا اور پھر اس نظام کا قتل کیااوراس کے بعدعوام کی ہر دلعزیز قائد بینظیر بھٹوکا قتل بھی اسی کے دور حکومت میں ہواکیونکہ پرویز مشرف نے کئی ایسے بیانات اور اشارے دیئے تھے کہ وہ شہید محتر مہ کو ملک میں نہیں آنے دینگے۔ وہ آج پی پی پی ضلع حیدرآباد کے صدر صغیر قریشی کی رہائش گاہ پر ایک پریس کانفرنس کر رہے تھے۔ سینئر صوبائی وزیر نے کہا کہ مشرف نے ہی اس ملک کو دہشت گردی کی جنگ میں جھونکاجس کی وجہ سے لاکھوں لوگوں کی جانیں ضائع ہوئیں ۔ انہوں نے کہا کہ پرویز مشرف نے سب کو ڈبل کراس کیا اور لال مسجد میں کاروائی بھی کی اور کچھ کو برقعہ پہنا کر جانے بھی دیا۔ انہوں نے کہا کہ پرویز مشرف کو دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑنے کیلئے پانچ ارب ڈالر دیئے گئے اور جب بعد میں حساب مانگا گیاتو تین ارب ڈالر کا حساب ہی نہیں دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ نشترپارک جلسے پر حملے ، بارہ مئی اور 18 اکتوبر کو سینکڑوں لوگوں کو مشرف دور میں ہی قتل کیا گیا ۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ بینظیر قتل کیس میں متعلقہ ادارے انٹرپول کے ذریعے مشرف کو ملک میں لائیں اور اسے کٹہرے میں کھڑا کریں ۔