سیشن عدالت‘پاک فوج کےخلاف توہین آمیز آرٹیکل شائع کرنے پر میر ابراہیم ‘اینکر حامد میر کےخلاف مقدمہ کی سماعت آج ہوگی
لاہور(نامہ نگار)ایڈیشنل سیشن جج ندیم انصاری کی عدالت میں فوج کے خلاف توہین آمیز آرٹیکل شائع کرنے پر جیو اور جنگ گروپ کے مالک میر شکیل الرحمن اس کے بیٹے میر ابراہیم اور اینکر حامد میر کے خلاف دائر اندراج مقدمہ کی درخواست کی سماعت آج 25ستمبر کو ہوگی۔گزشتہ سماعت پر عدالت نے مذکورہ افراد کے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری تے ہوئے انہیں گرفتار کرکے عدالت میں پیش کرنے کا حکم دے رکھا ہے ۔ عدالت میں مقامی شہری کی جانب سے دائر درخواست میں موقف اختیا رکیا گیا ہے میر شکیل الرحمن اس کے بیٹے میر ابراہیم نے اپنے اخبار جنگ میں حامد میر کا ایک آرٹیکل شائع کیا تھا جس میں پاک فوج پر سنگین الزامات لگاتے ہوئے بطور ادارہ اس کی توہین کی گئی تھی ۔ درخواست میں استدعا کی گئی کہ ایسا آرٹیکل لکھنے اور شائع کرنے پر جیو اور جنگ گروپ کے مالک میر شکیل الرحمن اس کے بیٹے میر ابراہیم اور اینکر حامد میر کے خلاف کارروائی کے احکامات جاری کئے جائیں جس پرعدالت نے مذکورہ تینوں افراد کو متعدد بار طلب کیا لیکن وہ حاضر نہ ہوئے تھے جس پر عدالت نے گزشتہ سماعت پر مذکورہ بالا حکم جاری کردیا تھا۔