کالا باغ ڈیم کی تعمیر نہ کرنے پر ملک گیر سطح پر ریفرنڈم کرانے کیلئے دائر درخواست رجسٹرار آفس کا اعتراض دور کرکے دوبارہ دائر

کالا باغ ڈیم کی تعمیر نہ کرنے پر ملک گیر سطح پر ریفرنڈم کرانے کیلئے دائر ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(نامہ نگارخصوصی)سپریم کورٹ میں کالا باغ ڈیم کی تعمیر نہ کرنے پر ملک گیر سطح پر ریفرنڈم کرانے کے لئے دائر درخواست رجسٹرار آفس کا اعتراض دور کرکے دوبارہ دائر کردی گئی۔سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں وطن پارٹی کے سربراہ بیرسٹر ظفراللہ کی جانب سے دائر درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ وفاقی حکومت، مشترکہ مفادات کونسل اور سیاسی جماعتیں کالا باغ ڈیم تعمیر کرنے میں سنجیدہ نہیں ہیں، وفاقی حکومت مشترکہ مفادات کونسل کی جانب سے کالا باغ ڈیم کی تعمیر کرانے کے فیصلے پر عملدرآمد کرنے میں بری طرح ناکام ثابت ہوئی، درخواست میں کہا گیا ہے کہ وفاقی حکومت، سیاسی جماعتوں اور مشترکہ مفادات کونسل کی جانب سے کالا باغ ڈیم کی تعمیر کا معاملہ التوا میں ڈالنے سے ملک اندھیروں میں ڈوب چکا ہے، جس سے معیشت کا پہیہ بھی جام ہوا ہے، صنعتی مزدور بیروزگار اور پانی کے ضیاع سے زرعی اراضی بنجر ہو رہی ہے، درخواست میں استدعا کی گئی کہ کالا باغ ڈیم کی جلد تعمیر کیلئے ملک گیر سطح پر ریفرنڈم کرانے کے احکامات صادر کئے جائیں، رجسٹرار آفس نے درخواست کو غیرضروری قرار دینے کا اعتراض عائد کر رکھا تھا، تاہم درخواست گزار نے رجسٹرار آفس کا اعتراض دور کرکے پٹیشن دوبارہ دائر کردی ہے۔

مزید :

صفحہ آخر -