جماعت اسلامی لوڈ شیڈنگ کیخلاف کل ملک گیراحتجاج کریگی: لیاقت بلوچ
لاہور(ایجوکیشن رپورٹر)سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستا ن لیاقت بلوچ نے کہاہے کہ جماعت اسلامی کل 28 اپریل کو ملک میں جاری بدترین لوڈشیڈنگ کیخلاف ملک گیر احتجاج کر ے گی اور بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کے ہیڈ آفسز اور دفاتر کے سامنے دھرنے دیگی ۔ لاہور ، کراچی ، اسلام آباد ، پشاور اور کوئٹہ سمیت ملک بھر میں تمام بڑے بڑے شہروں میں عوامی دھرنے دیئے جائیں گے ۔ امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق مالاکنڈ میں بڑے عوامی جلسہ سے خطاب کریں گے جس میں وہ حکومت کے خلاف قوم کو آئندہ کا لائحہ عمل دیں گے ۔ جماعت اسلامی کی مرکزی مجلس عاملہ کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ عوام کو لوڈشیڈنگ اور موجودہ حکومت کے عذاب سے نجات دلانے کے لیے پورے ملک میں حکومت کے خلاف ایک بڑی تحریک کا آغاز کیا جائے گا ۔ امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے عوام سے احتجاجی دھرنوں میں شرکت کی اپیل کی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں پریس کلب میں پر ہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر ڈاکٹر فرید احمد پراچہ ، محمد اصغر ، بلال قدرت بٹ ، جاوید قصوری اور ذکر اللہ مجاہد بھی موجود تھے ۔لیاقت بلوچ نے کہاکہ حکمرانوں کی نااہلی سے ملک توانائی کے بہت بڑے بحران سے دوچار ہے ۔ ملک میں سیاسی ، معاشی اور معاشرتی ناہمواریوں اور حکمرانوں کی کرپشن سے ملک کا مستقبل تاریک کر دیا گیا ہے ۔ سینیٹ اور قومی اسمبلی میں وزراء کی نااہلی کرپشن اور بد زبانی جلتی پر تیل کاکام کر رہی ہے ۔ حکومت اووربلنگ کے ذریعے عوام کو لوٹ رہی ہے ۔ عوام کو مہنگی بجلی بیچ کر پیسے کمپنیوں کو دینے کے بجائے اپنے اللے تللوں میں خرچ کیے جارہے ہیں۔ کراچی میں 9 سو کارخانے اور فیصل آباد میں پانچ سو صنعتی یونٹس بجلی نہ ہونے کی وجہ سے بند ہوچکے ہیں ۔