مسلم لیگ (ن) کے ریلیاں نکالنے سے صورتحال بگڑے گی،منظوروٹو
لاہور(نمائندہ خصوصی)پاکستان پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر میاں منظور احمد وٹو نے مسلم لیگ (ن) کی ریلیاں نکالنے کے فیصلے کو دور اندیشی سے عاری قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے موجودہ سیاسی صورتحال اور خراب ہو گی جس سے بحران کے سیاسی حل کے تلاش میں مشکلات پیش آسکتی ہیں۔ یہ بات انہوں نے ایک بیان میں کہی۔انہوں نے کہا کہ ردعمل کے جلوس جلتی پر تیل ڈالنے کے مترادف ثابت ہوں گے۔ ایسا معلوم ہوتا ہے کہ حکمران آگ کو پٹرول سے بجھانا چاہتے ہیں۔ میاں منظور احمد وٹو نے کہا کہ حکمران جماعت کو حالات مزید خراب نہیں کرنے چاہئیں اور ایسے تمام اقدام اٹھانے چاہئیں جس سے حالات کو معمول پر لانے میں مدد ملے تا کہ قوم کو غیر یقینی کے عذاب سے نجات ملے جس نے روز مرہ کی زندگی کو مفلوج کر کے رکھ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکمران جماعت موجودہ سیاسی نظام میں سب سے بڑی سٹیک ہولڈر ہے اور محاذ آرائی کی پالیسی اسکے لیے خطرناک ثابت ہو سکتی ہے اس لیے اسے محاذ آرائی سے بچنا چاہیے۔ میاں منظور احمدو ٹو نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے ملزموں کے خلاف فوری طور پر ایف آئی آر درج ہونی چاہیے۔ سابق صدر آصف علی زرداری کا حالیہ دورہ لاہور اُنکی موجودہ صورتحال پر تشویش کا مظہر ہے۔