قوم کسی کو کرپشن چھپانے اور نااہلی سے بچنے کیلئے آئین سے کھلواڑ کی اجازت نہیں دے گی: سراج الحق

قوم کسی کو کرپشن چھپانے اور نااہلی سے بچنے کیلئے آئین سے کھلواڑ کی اجازت نہیں ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


چکدرہ دیر(صباح نیوز) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ کچھ لوگ آئین کی دفعہ باسٹھ تریسٹھ کو نکالنے کیلئے آئین پر خود کش حملہ کرنا چاہتے ہیں مگر قوم ایسے حملوں کی مزاحمت کرے گی اور کسی کو اپنی کرپشن چھپانے اور نااہلی سے بچنے کیلئے آئین سے کھلواڑ کرنے کی اجازت نہیں دے گی ۔ باسٹھ تریسٹھ پاکستان کی سا لمیت ، بقا ء اور ملی وحدت کی ضمانت ہے ۔ جو لوگ ان دفعات کوآئین سے نکالناچاہتے ہیں وہ در اصل پاکستان کی سا لمیت کو تباہ اور قومی یکجہتی کو پارہ پارہ کرنے پر تلے ہوئے ہیں ۔ اگر متفقہ آئین کو چھیڑا گیا تو پھر قوم ایک آئین پر متحد ہوگی نہ صوبوں کو مرکز کے تحت رکھا جاسکے گا ۔ سپریم کورٹ تمام سیاستدانوں ، بیوروکریٹس ، جرنیلوں اور ججوں کو احتساب کے کٹہرے میں کھڑا کرے اور بیرون ملک پڑے ہوئے اربوں کھربوں کے اثاثوں کو ملک میں منتقل کرنے کے اقدامات کرے۔ جماعت اسلامی کی احتساب سب کا تحریک لوٹی گئی قومی دولت کی واپسی تک جاری رہے گی ۔ وقت آگیاہے کہ کرپٹ مافیا کابے رحمانہ احتساب کیا جائے ۔ ایسے سی پیک کو تسلیم نہیں کریں گے جس کا حصہ مالاکنڈ نہ ہو ۔ جماعت اسلامی ہی ملک کو موجودہ بحرانوں سے نجات دلاسکتی ہے ۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے ادین زئی چکدرہ دیر میں بڑے عوامی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ جلسہ سے امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا مشتاق ا حمد خان ، وزیر خزانہ مظفر سید اور دیگر نے بھی خطاب کیا ۔ سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ کرپٹ ٹولہ اپنی کرپشن چھپانے اور چور لٹیروں کو ایوانوں تک پہنچنے کا رستہ دینے کے لیے متفقہ آئین سے ملک و قوم کو محروم کرنے کی سازشیں کر رہاہے لیکن قوم آئین پر کسی خود کش حملے کو برداشت نہیں کرے گی اور آئین کے تحفظ کے لیے ہم بھر پور مزاحمت کریں گے ۔ انہوں نے کہاکہ اس وقت ملک و قوم اندرونی و بیرونی دشمنوں سے نبردآزما ہے ایک طر ف ٹرمپ پاکستان کو دھمکیاں دے رہاہے اور دوسری طرف کچھ لوگ پاکستان کی سلامتی اور بقا اور قومی یکجہتی کے ضامن آئین کو اپنی خواہشات کی بھینٹ چڑھاناچاہتے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ پاکستانی قوم ٹرمپ کی دھمکیوں سے ڈرنے والی نہیں ۔ امریکہ افغانستان سے بری طرح ناکام و نامراد ہو کر نکلے گا اور وہ وقت قریب آن پہنچا ہے کہ دنیا امریکہ کی یک محوری قوت کے سحر سے آزاد ہونے والی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ خطے میں بھارت کی تھانیداری قائم کرنے کا امریکی خواب کبھی پورا نہیں ہوسکتا ۔

مزید :

صفحہ آخر -