راولپنڈی، پتنگ کی قاتل ڈور نے ایک اور گھر اجاڑ دیا، 4سالہ بچی گردن پر ڈور پھرنے سے جاں بحق
راولپنڈی (نمائندہ خصوصی) راولپنڈی میں پتنگ کی قاتل ڈور نے یک اور گھر اجاڑ دیا، چار سالہ بچی کی زندگی کی ڈور کاٹ دی، ننھی کلی گردن کٹنے سے موت کی آغوش میں چلی گئی۔ تفصیلات کے مطابق چکری روڈ پر واقع پولیس چوکی کے قریب 4 سالہ ام حبیبہ اپنے والد کے ساتھ موٹر سائیکل پرجارہی تھی کہ کٹی پتنگ کی ڈور سے اس کی گردن کٹ گئی۔ بچی کو تشویشناک حالت میں ہسپتال پہنچایا گیا مگروہ جانبر نہ ہو سکی۔اہل علاقہ اور لواحقین نے اندوہناک واقعے پر سخت غم و غصے کا اظہار کیا اور پابندی کے باوجود ڈور کی خرید و فروخت کے ذمہ داروں کو سخت سزا کا مطالبہ کیا۔ سی پی او نے فوری ایکشن لیتے ہوئے تھانہ صدر بیرونی کے ایس ایچ کو معطل کر دیا۔ بچی کا والد میٹرو بس سروس میں ملازم ہے۔واضح رہے کہ رواں سال پتنگ کی ڈور پھرنے سے اب تک 4 افراد جاں بحق جبکہ 30 زخمی ہو چکے ہیں۔