بھارت کا جنگی جنون، کنٹرول لائن پر گولہ باری سے خاتون جاں بحق

بھارت کا جنگی جنون، کنٹرول لائن پر گولہ باری سے خاتون جاں بحق

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


راولپنڈی(اے این این)بھارت فوج کی لائن آف کنٹرول پر بلا اشتعال گولہ باری اور فائرنگ سے پاکستانی خاتون جاں بحق ہو گئی ۔میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی فورسز کی لائن آف کنٹرول(ایل او سی)پر رات 3 بجے گولہ باری اورفائرنگ کا آغاز کیا جس کے نتیجے میں ایک شیل گاؤں نالی میں گھر پر جاگرا اور گھر میں موجود خاتون جاں بحق ہو گئی، یہ واقعہ صبح چار بجے کے قریب پیش آیا۔ڈپٹی کمشنر چوہدری گفتار نے میڈیا کو بتایا کہ بھارتی فورسز کی جانب سے فائر کیا جانے والا شیل ضلع بھمبر کے گاؤں نالی میں ایک گھر میں گرا جس کے نتیجے میں 60 سالہ فرزند بیگم اہلیہ نور حسین ہلاک ہوگئیں۔خیال رہے کہ نالی گاؤں تحصیل بارنالہ میں آتا ہے لیکن یہ تحصیل سامہانی سے منسلک ہے جسے ماضی میں بھارتی فورسز نے متعدد مرتبہ فائرنگ کا نشانہ بنایا۔بارنالہ تھانے کے ایڈیشنل ایس ایچ او حنیف علی نے بتایا تھا کہ بھارتی فورسز نے رات 3 بجے شیلنگ کا آغاز کیا تھا جس کے نتیجے میں ہلاکت صبح 4 سے 5 کے درمیان ہوئی تھی۔ان کا کہنا تھا کہ موبائل فون پہاڑی علاقے میں کام نہیں کرتے جس کے باعث انھوں نے مذکورہ معلومات بتانے کیلئے پولیس کانسٹیبل کو روانہ کیا تھا۔مذکورہ خاتون کی ہلاکت کے بعد رواں ماہ بھارتی فورسز کی اشتعال انگیز فائرنگ کے نتیجے میں ہلاک ہونے والے پاکستانیوں کی تعداد 3 ہوگئی ہے جبکہ ان واقعات میں کم سے کم 30 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔یاد رہے کہ پاکستان اور ہندوستان کے تعلقات میں اڑی حملے کے بعد سے کشیدگی پائی جاتی ہے اور ہندوستان کی جانب سے متعدد مرتبہ لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باونڈری کی خلاف ورزی کی جاچکی ہے۔ہفتہ یکم اپریل کو بھی بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول کے چری کوٹ سیکٹر پر بلا اشتعال فائرنگ کی تھی، جس کے نتیجے میں ایک شہری عتیق قریشی ولد خلیل قریشی زخمی ہوگیا، جو بعدازاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگیا۔اس سے قبل گذشتہ ماہ مارچ میں بھی بھارت کی جانب سے ایل او سی کے متعدد سیکٹرز پر متعدد مرتبہ بلااشتعال فائرنگ کی گئی تھی۔

مزید :

صفحہ آخر -