پہلے تختی لگوانے کے چکر میں لیگی ایم پی اے کا دھڑن تختہ، فراہمی عدم سہولیات لکھوادیا
بہاولنگر (مانیٹرنگ ڈیسک) بعض سیاستدانوں کو ترقیاتی کاموں پر اپنے نام کی تختی لگانے کا اتنا شوق ہوتا ہے کہ اس چکر میں بعض اوقات انہیں شدید ندامت کا بھی سامنا کرنا پڑجاتا ہے۔ ایساہی کچھ لیگی ایم پی اے رانا عبدالرو¿ف کے ساتھ ہوا جنہوں نے ایک سکول کی چاردیواری تعمیر ہونے سے 4 ماہ پہلے ہی افتتاحی تختی لگادی۔
نجی ٹی وی چینل 24 کے مطابق بہاولنگر کے حلقہ پی پی 279 سے مسلم لیگ کے ایم پی اے رانا عبدالرؤف نے گورنمنٹ کمپری ہنسو سکول بہاولنگر کی چار دیواری کی تعمیر کیلئے فنڈز فراہم کیے۔ سکول کی چار دیواری 4 ماہ بعد دسمبر میں پوری ہونی تھی لیکن موصوف نے پھرتی دکھاتے ہوئے پہلے ہی افتتاحی تختی لگوادی ۔ افتتاحی تختی تک تو بات ٹھیک تھی لیکن اس تختی میں بھی ایسی فاش غلطی کی گئی کہ انہیں دوہری ندامت کا سامنا کرنا پڑا۔ رانا عبدالرؤف کی جانب سے لگوائی گئی افتتاحی تختی پر ” فراہمی عدم سہولیات (تعمیر چار دیواری و گیٹ) “ لکھوایا گیا تھا۔ لیکن اگر بادی النظر میں دیکھا جائے تو انہوں نے فراہمی عدم سہولیات ٹھیک ہی لکھوایا ہے کیونکہ چار دیواری ابھی تک مکمل نہیں ہوئی۔