خواجہ سرا کو جنسی ہراساں کرنے پر پولیس سب انسپکٹر کو معطل کر دیا گیا

بہاول پور

بہاول پور (ڈیلی پاکستان آن لائن) ضلع بہاول پور میں پولیس کے ایک سب انسپکٹر کو خواجہ سرا کو مبینہ طور پر جنسی ہراساں کرنے پرمعطل کر دیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سب انسپکٹر رئیس احمد اور انکے ساتھیوں کی جانب سے خواجہ سرا کو جنسی ہراساں کرنے کے خلاف خواجہ سراﺅں نے کچہری روڈ پر احتجاج کیا۔خواجہ سرا شہزادی گڑیا کا کہنا تھا کہ سب انسپکٹر رئیس احمد نے اپنے کچھ ساتھیوں کے ہمراہ مجھے جنسی ہراساں کیا بعد ازاں مجھ سے کچھ رقم بھی چھینی۔شہزادی گڑیا کے بقول وہ اپنی سہیلیوں ثنا اور ملکہ کے ساتھ تھی جب پولیس والے آئے اور قابل اعتراض الفاظ بولنا شروع کر دیے۔ جبکہ سب انسپکٹر گزشتہ ایک ماہ سے میرا پیچھا کر رہا تھا۔خواجہ سراﺅں نے مطالبہ کیا ہے کہ لوٹی ہوئی رقم واپس کی جائے اور جلد ہی مجرم کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے۔ ڈی پی او بہا ولپور اختر عباس نے ایکشن لیتے ہوئے سب انسپکٹر رئیس احمد کو معطل کر دیا اور کہا کہ تحقیقات جا ری ہیں مجرم کو ضرور انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔