ناقص انجینئرنگ و حکمت عملی ، تین ہفتوں میں پی آئی اے کے پانچ طیارے گراﺅنڈ
کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) ناقص انجینئرنگ اور حکمت عملی کی وجہ سے تین ہفتوں میں قومی ایئرلائن (پی آئی اے) کے پانچ طیارے گراﺅنڈ ہوگئے ہیں جن میں تین طیارے بیرون ملک گراﺅنڈ ہوئے جبکہ تازہ ترین اطلاعات کے مطابق سکھر ایئرپورٹ پر بھی ایک طیارہ فنی خرابی کی وجہ سے روک لیاگیاہے۔
تفصیلات کے مطابق قومی ایئرلائن کے بیڑے میں شامل اے ٹی آرطیارہ فنی خرابی کی وجہ سے تربت ایئرپورٹ پر گراﺅنڈ کردیاگیاہے جس کی وجہ سے تربت سے گوادر کی پرواز پی کے 192اور گوادر سے کراچی کی پرواز پی کے 504منسوخ کردی گئی ہے ۔
اس سے قبل 27جنوری کو جدہ ایئرپورٹ پر پی آئی اے کے طیارے کے ہائیڈرالک سسٹم میں خرابی کی وجہ سے وہیں گراﺅنڈ کردیاگیا اورسیالکوٹ کے لیے آنیوالی پرواز پی کے 746پچیس گھنٹے سے زائد کی تاخیر کا شکار رہی۔ 17جنوری کو بوئنگ 777طیارہ میلان ایئرپورٹ، 20جنوری کو ایئربس 310بیجنگ اور21جنوری کو اے ٹی آر طیارہ لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر گراﺅنڈ ہواتھا۔
تازہ ترین اطلاعات کے مطابق فنی خرابی کی وجہ سے ایک اے ٹی آر طیارہ سکھر ایئرپورٹ پر بھی روک لیاگیاہے ۔