ملک بھر میں ود ہولڈنگ ٹیکس کیخلاف تاجروں کی شٹر ڈاﺅن ہڑتال،احتجاجی مظاہرے اور ریلیاں

ملک بھر میں ود ہولڈنگ ٹیکس کیخلاف تاجروں کی شٹر ڈاﺅن ہڑتال،احتجاجی مظاہرے ...
ملک بھر میں ود ہولڈنگ ٹیکس کیخلاف تاجروں کی شٹر ڈاﺅن ہڑتال،احتجاجی مظاہرے اور ریلیاں

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) بینک ٹرانزیکشن پر ود ہولڈنگ ٹیکس کیخلاف ملک بھر میں تاجروں نے ہڑتال کی۔آل کراچی تاجر اتحاد کی جانب سے ود ہولڈنگ ٹیکس کیخلاف تمام چھوٹی بڑی مارکیٹیں اور کاروباری مراکز بندرہے ۔سندھ تاجر اتحاد نے ود ہولڈنگ ٹیکس کو ظالمانہ قرار دیتے ہوئے اس کے فوری خاتمے کا مطالبہ کیا۔ کراچی کی بڑی مارکیٹوں میں تمام دکانیں بند دکھائی دیں ۔تاجر تنظیموں نے حکومت کیخلاف نعرے بازی کی۔حیدر آباد میں تاجروں نے شٹر ڈاﺅن ہڑتال کی اور حکومت کیخلاف نعرے بازی کی۔وہاڑی میں تمام چھوٹے بڑے کاروباری مراکز بند رہے۔ صوبائی دار الحکومت لاہور میں تاجر برادری ود ہولڈنگ ٹیکس کیخلاف سڑکوں پر آ گئی۔تاجر اتحاد ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری نعیم میرکی قیادت میں ہزاروں تاجروں نے ود ہولڈنگ ٹیکس کیخلاف بھرپور قوت کا مظاہرہ کیا ۔اس موقع پر تحریک انصاف کی قیادت بھی احتجاجی مظاہرے میں موجود تھی۔ مظاہرین پریس کلب سے ہوتے پنجاب اسمبلی تک گئے اور حکومت کیخلاف زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا۔ لاہور کی بڑی مارکیٹیں بند رہیں تاہم چھوٹی دکانیں کھلی رہیں۔گوجرانوالہ میں تاجروں کے دو دھڑوں نے ہڑتال کی کال پر دکانیں اور مارکیٹیں بند رکھیں جبکہ تیسرے دھڑے نے ہڑتال کی مخالفت کی ۔ اوکاڑہ میں سبزی منڈی اور غلہ منڈی سمیت تمام بڑے بازار بند رہے۔تاجروں نے احتجاجی کیمپ لگا رکھے تھے ۔مظاہرین نے ود ہولڈنگ ٹیکس کو ظالمانہ اقدام قرار دیتے ہوئے اس کے فی الفور خاتمے کا مطالبہ کیا۔ فیصل آباد میں ود ہولڈنگ ٹیکس کیخلاف تاجر تنظیموں کا بھرپور مظاہرہ دیکھنے میں آیا ۔تاجر برادری نے احتجاجی جلوس نکالے اور حکومت کیخلاف سخت نعرے بازی کی۔ گھنٹہ گھر سے متصل آٹھ بازار اور تمام کاروباری مراکز بند رہے۔ جھنگ میں تاجر اپنی دکانیں بند کر کے سڑکوں پر نکل آئے اور ود ہولڈنگ ٹیکس ختم کرنے کے لئے بھرپور مظاہرہ کیا گیا۔ رحیم یار خان میں بھی تمام بڑی مارکیٹوں میں تاجروں نے دکانیں بند رکھیں۔سکردو میں بھی تاجروں نے ود ہولڈنگ ٹیکس کیخلاف تمام کاروباری مراکز بند رکھے۔پشاور میں تاجر ایسوسی ایشن نے ود ہولڈنگ ٹیکس کیخلاف ہڑتال میں حصہ لیا اور تمام بڑے تجارتی اور صنعتی مراکز کو بند رکھا گیا۔ملتان میں تاجر برادری نے ٹیکس کیخلاف دکانیں بند رکھیں اور احتجاجی کیمپ لگائے جس میں حکومت کیخلاف نعرے بازی کی گئی۔ تاجر برادری نے سڑکوں پر ٹریفک جام کر دی اور دھرنا دیا۔اس موقع پر پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی تھی تاہم کوئی ناخوشگوار واقعہ دیکھنے میں نہیں آیا۔بہاولنگر میں بھی تاجروں نے ہڑتال کی کال پر اپنی دکانیں بند رکھیں۔گلگت میں ود ہولڈنگ ٹیکس کیخلاف تا جروں نے شٹر ڈاﺅن ہڑتال کی او ر حکومت کیخلاف ٹیکس واپس نہ لینے پر زبردست مظاہرہ کیا۔

مزید :

بزنس -اہم خبریں -