دودھ، گھی سمیت متعدد اشیا مہنگی، سرکاری اعدادو شمار نے پول کھول دیا

دودھ، گھی سمیت متعدد اشیا مہنگی، سرکاری اعدادو شمار نے پول کھول دیا
دودھ، گھی سمیت متعدد اشیا مہنگی، سرکاری اعدادو شمار نے پول کھول دیا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

اسلام آباد(صباح نیوز)سرکاری اعدادوشمار نے ہی مہنگائی بڑھنے کا پول کھول دیا ۔وفاقی ادارہ شماریات اور سٹیٹ بینک کی رپورٹس کے مطابق گزشتہ برس کے مقابلے میں دودھ ، گھی ، خوردنی تیل ، چائے ، چاول ، کیلا ، آلو ، ٹماٹر ، انڈے ، گوشت سب مہنگا ہو گیا ۔ عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمت کم ہونے کے باوجود مقامی سطح پرپٹرول ڈیزل کی قیمت بڑھ گئی ۔

تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق سرکاری اعداد وشمار سے پتہ چلتا ہے کہ جون 2016 کے مقابلے میں رواں جون میں دودھ 2 روپے اضافے سے 82 روپے لٹر ہو گیا ،بڑا گوشت 12 روپے مہنگا ہو کر 335 روپے کلو ہو گیا ، چھوٹا گوشت 46 روپے اضافے سے 687 روپے کلو ہو گیا،اڑھائی کلو ٹن پیک میں گھی کی قیمت 18 روپے اضافے سے 462 روپے ہو گئی جبکہ خوردنی تیل کی قیمت 15 روپے اضافے سے 470 روپے ہو گئی، چائے کی قیمت میں سب سے زیادہ اضافہ ہوا جس میں برانڈڈ 200 گرام چائے کا پیکٹ 45 روپے اضافے سے 203 روپے کاہو گیا۔چاول ٹوٹا کی قیمت بھی 9 روپے اضافے سے 69 روپے کلو ہوگئی۔ پھلوں میں کیلا 14 روپے اضافے سے اوسطا 115 روپے درجن ہوگیا، آلو 7 روپے مہنگا ہو کر 38 روپے کلو تک پہنچ گیا جبکہ ٹماٹر 2 روپے کے معمولی اضافے سے 41 روپے کلو ہوا۔پٹرول کی قیمت میں سال بھر میں بارہ روپے لٹر اضافہ ہوچکا ہے جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 9 روپے لٹر اضافہ ہوا جبکہ حیران کن امر یہ ہے کہ عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت 20 ڈالر فی بیرل کی کمی سے 252 ڈالر فی بیرل ہو چکی ہے ،سیمنٹ کا بیگ بھی 26 روپے اضافے سے 551 روپے تک پہنچ گیاہے تاہم خوش کن امر یہ ہے کہ چینی ،پیاز ،دال ماش اور دال چنا کی قیمت میں کمی ہوئی ہے ۔چینی کی قیمت آٹھ روپے کمی سے 55 روپے فی کلو ہوگئی جبکہ پیاز پانچ روپے کمی سے 27 روپے فی کلو میں دستیاب ہے ،دال ماش کی قیمت میں 80 روپے کلو کی کمی سال بھر میں ریکارڈ کی گئی ،دال ماش کی قیمت 193 روپے کلو تک رہ چکی ہے جبکہ دال چنا کی قیمت بھی 13 روپے کمی سے 130 روپے کلو تک ہے ۔ان سرکاری اعدادوشمار سے حکومت کے ان دعوں کی نفی ہوتی ہے کہ مہنگائی میں مسلسل کمی ہو رہی ہے جبکہ اشیائے ضروریہ کی قیمتیں کچھ اور ہی کہانی بتا رہی ہیں۔

مزید :

بزنس -