گندم مصنوعات برآمدات کی تاریخ میں 31 اگست تک توسیع ،اقتصادی رابطہ کمیٹی نےبرآمدات میں اضافہ کیلئے وزارت تجارت کی تجاویز منظور کر لیں
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے وزیراعظم کے برآمدات میں اضافہ کیلئے پیکج کے تحت وزارت تجارت کی تجاویز کی منظوری دی ہے جس کے تحت برآمد کنندگان 30 جون 2017ء تک کی جانے والی برآمدات کے کلیمز 30 ستمبر 2017ء تک جمع کرا سکیں گے۔
وزارت خزانہ کے بیان کے مطابق ای سی سی نے وزارت نیشنل فوڈ سکیورٹی اینڈ ریسرچ کی تجویز کی منظوری بھی دی ہے، گندم اور اس کی مصنوعات کی برآمدات کی تاریخ کو 31 اگست 2017ء تک توسیع دی ہے جبکہ 15 مارچ 2017ء تک محکمہ خوراک سے گندم اٹھانے والے برآمد کنندگان بھی اس سے استفادہ کر سکیں گے۔ ای سی سی نے افغانستان کو گندم کی فراہمی کے حوالہ سے پاسکو کی واجب الوصول رقوم کے طریقہ کار کی بھی منظوری دیدی ہے۔ اقتصادی رابطہ کمیٹی نے وفاقی حکومت کو تجویز پیش کی ہے کہ 30 ستمبر 2017ء تک گوشوارے جمع نہ کرانے والوں کیلئے ود ہولڈنگ ٹیکس برائے بینکنگ ٹرانزیکشنز کی شرح 0.4 فیصد تک رکھی جائے۔