بیوٹی سیلون کے لیے خوشخبری،رضا کارانہ طور پر رجسٹرڈ ہونے والے پارلرز سے 16%کی بجائے 5%سیلز ٹیکس وصول کیا جائے گا، راحیل احمد صدیقی

بزنس

لاہور(اے پی پی )چیئرمین پنجاب ریونیو اتھارٹی ڈاکٹر راحیل احمد صدیقی نے اپنے آفس میں پاکستان بیوٹی پارلر ایسوسی ایشن کے نمائندگان سے ملاقات کی، ملاقات میں بیوٹی پارلرز اور سیلونز میں انوائس مانیٹرنگ سسٹم کی تنصیب کے حوالے سے معاملات طے پائے۔

چئئرمین پنجاب ریونیو اتھارٹی نے بیوٹی پارلر ممبران کو سسٹم کے استعمال اور ٹیکس کی رقم کی منتقلی کے طریقہءِ کار سے آگاہ کیا، اُنھوں نے بتایا کہ پنجاب ریونیو اتھارٹی کے ساتھ رجسٹرڈ پارٹنر بیوٹی پارلز میں بمز کی تنصیب کے بعد ہر پکی رسید کے ساتھ خود کار نظام کے تحت ٹیکس کی رقم خود بخود ٹیکس اتھارٹی کو وصول ہو جائے گی جس میں کسی تیسرے ہاتھ کی خورد بُرد کا کوئی عمل دخل نہیں ہو گا، ٹیکس ادا کرنے والے پارلرز کی پنجاب ریونیو اتھارٹی کے میڈیا سیل سے بھی تشہیر کی جائے گی اور ریسٹورانٹس انوائس مانیٹرنگ سسٹم کی طرح اُن پارلرز پر آنے والے کسٹمرز کے لیے بھی امانت سکیم متعارف کروائی جائے گی جو خودبیوٹی پارلرز کے کاروبار میں بھی اضافے کا باعث بنے گی، راحیل احمد صدیقی نے بیوٹی پارلر ایسوسی ایشن کے نمائندگان کو خوشخبری سناتے ہوئے بتایا کہ ایسے بیوٹی پارلرز جو محکمے کی کارروائی سے قبل خود کو رضاکارانہ طور پر بمز) BIMS ( سے رجسٹرڈ کروا لیں گے اُن سے 16%کی بجائے صرف5% سیلز ٹیکس وصول کیا جائے گا بصورت دیگر اُنھیں ٹیکس میں کوئی رعایت نہیں دی جائے گی اور اُن سے صوبے میں خدمات کی فراہمی پر لاگو 16% ٹیکس ہی وصول کیا جائے گا، انہوں نے کہا کہ پنجاب ریونیو اتھارٹی کسی شعبہ کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برت رہی خدمات مہیا کرنے والے تمام شعبوں کو بتدریج ٹیکس نیٹ میں لایا جا رہا ہے، چےئرمین پی آر اے نے کہا کہ اتھارٹی نے ہمیشہ اپنے سٹیک ہولڈرزکے لیے آسانی پیدا کی ہے اور ان کے مطالبات کا احترام کیا ہے جواب میں صرف اُن سے اپنی قومی ذمہ داری پوری کرنے کا تقاضا کیا جاتا ہے، سٹیک ہولڈز کو بھی ریاست کی جانب اپنے فرائض پورے کرنے چاہئیں، میٹنگ میں بیوٹی سیلون مالکان کو عملی طور پربیوٹی پارلر انوائس مانیٹرنگ سسٹم کا استعمال سیکھایا گیا، ایسوسی ایشن کی جانب سے راحیل احمد صدیقی کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی گئی اور صوبے کے وسائل میں اضافے کے لیے اُن کی کوششوں کو سراہا گیا۔