حکومت نے عوام پر ایک اور ”بجلی بم “ گرا دیا ،تیس پیسے فی یونٹ ای کیو سرچارج عائد
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک ) حکومت نے انتہا ئی خاموشی کے ساتھ عوام پر ایک اور بجلی بم گرا تے ہوئے صارفین پر ایک نیا ٹیکس عائد کر دیا ہے ، ایکولائزیشن سرچارج کے نام سے متعارف کرائے گئے ٹیکس کے ذریعے صارفین سے تیس پیسے فی یونٹ وصولی سے ماہانہ 4 ارب روپے جمع ہونے کا امکان ہے۔
تفصیلات کے مطابق نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے یہ ٹیکس لگانے سے انکار کر دیا تھا تاہم وزارت پانی و بجلی نے چپکے سے اس کا نوٹی فکیشن جاری کر دیا ہے ۔ نئے سرچارج کے ذریعے تیس پیسے فی یونٹ وصول کیے جائیں گے جس سے ماہانہ چار ارب روپے وصول ہونے کا امکان ہے۔ ای کیو سرچارج کراچی الیکٹرک سپلائی کمپنی کے علاوہ بجلی کے تمام صارفین پر لاگو ہوگا۔ ای کیو سرچارج ادائیگیوں میں تاخیر کی وجہ سے لگایا گیا ہے۔ پاور پلانٹس کو واجبات کی ادائیگی تاخیر کے باعث سود کی رقم صارفین ادا کرینگے، ای کیو سرچارج کا نفاذ انٹر نیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف )کی شرائط میں شامل تھا۔