پاناما فیصلے کا اثر، کے ایس ای 100 انڈیکس میں دوسرے روز بھی زبردست تیزی، 49 ہزار 708 پوائنٹس پر پہنچ گیا

بزنس

کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاناما کیس کا فیصلہ آنے کے بعد پاکستان سٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں سرمایہ کاری کرنے والوں کا اعتماد بحال ہوا ہے ، سرمایہ کاروں نے پاناما فیصلے کے بعد دوسرے روز بھی دل کھول کر سٹاک مارکیٹ میں سرمایہ کاری کی جس کے باعث کے ایس ای 100 انڈیکس 965 پوائنٹس کے اضافے کے بعدد 49 ہزار 708 پوائنٹس پر پہنچ گیا۔
پاناما کیس کے فیصلے میں سپریم کورٹ کی جانب سے جے آئی ٹی کے قیام کا فیصلہ سنائے جانے کے بعد حکومت کی رخصتی کے حوالے سے پیدا ہونے والی بے یقینی کی کیفیت ختم ہوگئی اور سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوا ہے۔ سرمایہ کاروں نے آج (جمعہ کو) بھی دل کھول کر سرمایہ کاری کی جس کے باعث کے ایس ای 100 انڈیکس میں 965 پوائنٹس کا اضافہ ہوا اور انڈیکس 49 ہزار 708 پوائنٹس پر بند ہوا۔
کے ایس ای 100 انڈیکس میں 15 کروڑ 90 لاکھ 68 ہزار 810 شیئرز کا لین دین ہوا جن کی مارکیٹنگ ویلیو 18 ارب 19 کروڑ 24 لاکھ 35 ہزار 900 روپے رہی ۔
واضح رہے کہ جمعرات کو پاناما کیس کا فیصلہ سامنے آتے ہی کے ایس ای 100 انڈیکس میں زبردست اضافہ ہوا اور فوری طور پر 100 انڈیکس کے 1900 سے زائد پوائنٹس بڑھ گئے تھے۔