پنجاب حکومت نے حالیہ بارشوں کے باعث گندم میں نمی بڑھنے کے بعد گندم خریداری ملتوی کردی
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)پنجاب حکومت نے حالیہ بارشوں کے باعث گندم میں پیدا ہونے والی نمی کے بعد گندم کی خریداری ملتوی کردی ، پنجاب حکومت نے 15 اپریل سے گندم کی خریداری شروع کرنے کا اعلان کیا تھا لیکن 9 دن گزرنے کے باوجود ابھی تک خریداری کا عمل شروع نہیں کیا جا سکا۔
محکمہ خوراک پنجاب کے مطابق پنجاب حکومت نے 40 لاکھ میٹرک ٹن گندم خریدنے کا ہدف مقرر کر رکھا تھالیکن بارشوں کے بعد گندم میں نمی بڑھنے کی وجہ سے حیلے بہانے سے خریداری نہیں کرنا چاہتی،اگر بارشوں کا سلسلہ اسی طرح جاری رہا تو مزید کئی دن تک خریداری شروع نہیں ہو سکے گی۔پنجاب حکومت کے پاس 25 لاکھ میٹرک ٹن گندم پہلے سے گوداموں میں پڑی ہے جبکہ مزید گندم خرید کر ذخیرہ کرنے کے لئے گودام ہی موجود نہیں ہیں۔
محکمہ خوراک پنجاب کا کہنا تھا کہ نمی والی گندم خرید کر ذخیرہ کرنے سے خراب ہونے کے چانسز بڑھ جاتے ہیں۔نئی گندم کو کھلے آسمان تلے ذخیرہ کیا جائے گا اور اسے محفوظ بنانے کے لئے ترپال سے ڈھانپا جائے گا۔