ملک ریاض نے اسکرٹس انویسٹمنٹ بینک صرف ایک روپے کی ٹوکن پرائس میں خرید لیا
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پراپرٹی ٹائیکون ملک ریاض نے اسکرٹس انویسٹمنٹ بینک صرف ایک روپے کی ٹوکن پرائس میں خرید لیا ہے۔ یہ بینک 2014 سے شدید مالی بحران کا شکار تھا اور اپنی سروسز جاری نہیں رکھ پا رہا تھا۔
ویب سائٹ پرو پاکستانی کے مطابق عقیل کریم ڈھیڈی سیکیورٹیز لمیٹڈ کے منیجر ٹو دی آفر(ایم ٹی او) نے پاکستان سٹاک ایکسچینج میں اس بات کا اعلان کیا۔ جس کے مطابق بحریہ ٹاؤن نے اسکرٹس انویسٹمنٹ بینک لمیٹڈ کے 85 فیصد شیئرز خرید نے کا فیصلہ کیا ہے ۔ بحریہ ٹاؤن کی انتظامیہ یہ شیئرز دو مراحل میں خریدے گا جبکہ 71 فیصد سپانسر شیئرز صرف ایک روپے کی قیمت میں خریدے گا۔
بینک کے 3 کروڑ 13 لاکھ 85 ہزار 126 شیئرز ’’جو کہ 71 اعشاریہ 168 فیصد بنتے ہیں‘‘ میں سے ایک شیئر کی قیمت صرف صفر اعشاریہ 0000000139 روپے ہے۔ یہ تمام شیئرز بحریہ ٹاؤن کو ایک روپے میں منتقل کردیے جائیں گے۔
بینک کے عمومی63 لاکھ 57 ہزار 437 شیئرز ’’ جو 14 اعشاریہ 42 فیصد بنتے ہیں‘‘ کے ہر شیئر کی قیمت 10 روپے 23 پیسے رکھی گئی ہے جو ووٹنگ کے بعد بحریہ ٹاؤن کو فروخت کیے جائیں گے۔بحریہ ٹاؤن کی جانب سے اے کے ڈی سیکیورٹیز کے ایم ٹی او کو عمومی شیئرز کی خریداری کیلئے پہلے ہی ساڑھے 6 کروڑ روپے جاری کردیے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ اسکرٹس انویسٹمنٹ بینک 2014 سے این بی ایف سی لائسنس فیس بھی ادا نہیں کر پایا جبکہ بینک کے پاس کم از کم 60 کروڑ روپے کے ذخائر بھی نہیں ہیں۔ بینک اپنے کھاتہ داروں کو ساڑھے 45 کروڑ روپے بھی ادا نہیں کرپایا ہے جبکہ ٹیکس کی مد میں بھی 31کروڑ کا مقروض ہے۔ بینک کے اثاثہ جات کی مجموعی مالیت ساڑھے 37 کروڑ روپے ہے۔