گاڑی پر فائرنگ سے قبائلی رہنما بیٹے سمیت جاں بحق ہوگئے
چمن(مانیٹرنگ ڈیسک ) کالج روڈ پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے قبائلی رہنما برات خان ادازئی بیٹے سمیت جاں بحق جب کہ دوسرا بیٹا شدید زخمی ہو گیا ہے ۔
تفصیلات کے مطابق قبائلی رہنما ملک برات خان ادازئی اپنے بچوں کو لے کر سکول جا رہے تھے کہ نامعلوم افراد نے کالج روڈ پر ان کی گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں ان کی گاڑی گہری کھائی میں جا گری اور برات خان موقع پر ہی جان بحق جب کہ ان کے 2 بیٹے شدید زخمی ہو گئے۔ امدادی ٹیموں کے اہلکاروں نے برات خان کے بیٹوں کو ہسپتال منتقل کیا جہاں ان کا ایک بیٹا زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ دیا جب کہ دوسرے کو طبی امداد دی جا رہی ہے۔ فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے بیٹے کی عمر 6 سال جب کہ زخمی ہونے والے بیٹے کی عمر 8 سال بتائی جاتی ہے۔
سیکیورٹی فورسز نے علاقے کا محاصرہ کر کے حملہ آوروں کی گرفتاری کے لئے چھاپہ مار کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔