36 اضلاع میں کڈنی اینڈ لیور ٹرانسپلانٹ سنٹرز کا قیام

وزیراعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف نے پاکستان کڈنی اینڈ لیور ٹرانسپلانٹ انسٹی ٹیوٹ اینڈ ریسرچ سنٹر کی سائٹ پر ہیپاٹائٹس ٹریٹمنٹ فلٹر کلینک کا افتتاح کیا، جبکہ پاکستان کڈنی اینڈ لیور ٹرانسپلانٹ انسٹی ٹیوٹ اینڈ ریسرچ سنٹر کی مین عمارت کا سنگ بنیاد بھی رکھا۔ جدید مشینری اور طبی سہولتوں سے آراستہ اس فلٹر کلینک میں ہیپاٹائٹس کے مریضوں کو علاج معالجے کی بہترین اور جدید سہولتیں ملیں گی۔ کڈنی اینڈ لیور ٹرانسپلانٹ انسٹی ٹیوٹ میں گردے اور جگر کے امراض میں مبتلا مریضوں کو جدید علاج معالجہ میسر آئے گا اور جگر کی پیوندکاری کی سہولت بھی ملے گی۔


وزیراعلیٰ نے کہا کہ اس پراجیکٹ کا نام پنجاب کی بجائے پاکستان کڈنی لیور ٹرانسپلانٹ انسٹی ٹیوٹ و ریسرچ سنٹر رکھا گیا ہے، کیونکہ یہاں وادی مہران، بلوچستان کے سنگلاخ پہاڑوں، خیبر پختونخوابرف پوش پہاڑوں پر بسنے والوں، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور پنجاب کے بہن بھائیوں کو علاج معالجے کی سہولتیں ملیں گی اور اس ہسپتال میں غریب، نادار اور مستحق مریضوں کا علاج بالکل مفت ہوگا۔ دکھی انسانیت کی خدمت ایسا منافع ہے، جسے ہیرے اور جواہرات میں تولا نہیں جاسکتا۔ دکھی انسانیت کے زخموں پر مرہم رکھنے کے لئے اس ادارے کے قیام میں حصہ لینے والے سب ادارے اور افراد دین و دنیا دونوں کما رہے ہیں۔ سڑکیں، فلائی اوورز، موٹر ویز، میٹروز، محلات اور دیگر انفراسٹرکچر کے منصوبوں میں منافع کمایا جاتا ہے، لیکن ایسے اداروں کے قیام سے ملنے والے منافع کی کوئی قیمت نہیں۔


ملتان سے 30 منٹ کی مسافت پر گورنمنٹ رجب طیب اردوان ہسپتال موجود ہے، جہاں مریضوں کو جدید طبی سہولتیں دی جارہی ہیں۔ ابتدائی طور پر یہ ہسپتال 100 بستروں پرمشتمل تھا جو ترک صدر رجب طیب اردوان نے پنجاب کے عوام کے لئے بنایا۔ اب ہم نے اسے 500 بستروں تک بڑھانے کا منصوبہ بنایا ہے۔ اس توسیعی منصوبے کے پہلے مرحلے میں 250 بستروں کا اضافہ کیا جا رہا ہے۔ اسی طرح لدھڑ میں بھی جدید ترین ہسپتال بنایا گیا ہے،جہاں مریضوں کا بے پناہ رش ہے۔ 1940ء کو لاہور میں لاکھوں لوگ اقبال پارک میں اکٹھے ہوئے اور ایک الگ وطن کے حصو ل کی قرارداد منظور کی۔ اب 23 مارچ کی آمد آمد ہے اور ہمیں اس دن پچھلی غلطیوں سے سبق سیکھ کر پاکستان کو ترقی کی منزل سے ہمکنار کرنے کے لئے محنت کے ساتھ آگے بڑھنے کا عزم کرنا ہوگا۔اگر ہم اپنے حالات کو بدلنے کا تہیہ کر لیں تو کوئی پہاڑ، سمندر ہمارے راستے میں حائل نہیں ہوسکتا۔ وزیراعلیٰ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج پنجاب ہی نہیں، بلکہ پاکستان کی تاریخ کا اہم دن ہے، جب صحت عامہ کی سہولتوں کے حوالے سے ہیپاٹائٹس فلٹر کلینک کا افتتاح کیا گیا ہے اور یہ فلٹر کلینک پاکستان، بالخصوص پنجاب میں صحت عامہ کی کاوشوں کے حوالے سے ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔ ہیپاٹائٹس بی اور سی زیادہ خطرناک اورمہلک ہیں اور اس کلینک میں ان کا علاج میسر ہوگا۔ میں اس کلینک کے ڈاکٹروں، نرسوں، پیرامیڈکل سٹاف سے ملا ہوں۔ اس موقع پر پاکستان کڈنی اینڈ لیور ٹرانسپلانٹ انسٹی ٹیوٹ و ریسرچ سنٹر کے بورڈ آف گورنرز کے صدر ڈاکٹر سعید اختر، صوبائی وزرائے صحت خواجہ سلمان رفیق، خواجہ عمران نذیر، صوبائی وزیر تعمیرات و مواصلات تنویر اسلم ملک، چیف سیکرٹری، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر ومیڈیکل ایجوکیشن، طبی ماہرین، متعلقہ حکام اور علاقے کے لوگوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔