لائیو اسٹاک ڈیری، فشریز، پولٹری، ایگری کلچر نمائش سندھ کی ترقی اور زرعی شعبوں میں موجود مواقع اجاگر کرنے کا اہم ذریعہ بن گئی

لائیو اسٹاک ڈیری، فشریز، پولٹری، ایگری کلچر نمائش سندھ کی ترقی اور زرعی ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی (اکنامک رپورٹر) لائیو اسٹاک ڈیری، فشریز، پولٹری، ایگری کلچر نمائش اور سیمینار (ایل ڈی ایف اے 2015) سندھ کی ترقی اور زرعی شعبوں میں موجود مواقع اجاگر کرنے کا اہم ذریعہ بن گئی ہے، یہ بات سندھ بورڈ آف انویسٹمنٹ (ایس بی آئی) کے چیئرمین ڈاکٹر آصف بروہی نے ایل ڈی ایف اے 2015ء نمائش کے ہارس اینڈ کیٹل شو کے مختلف مقابلوں میں جیتنے والے 63 افراد کو ایوارڈ دیتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ سندھ کی زرعی معیشت کو مزید فروغ دیا جاسکتا ہے۔ عالمی فوڈ سیکورٹی کے تناظر میں ہم مقامی فوڈ سیکورٹی کو بہتر بنانے اور ویلیو ایڈیشن اور ویلیو چین کی بہتری کے لیے بھی کام کررہے ہیں۔ اس حوالے سے نئی ٹیکنالوجی ، بہتر ایری گیشن سسٹم، بیجوں کی اعلیٰ اقسام ، بہترین کھاد اور جدید مشینری کے ذریعے سندھ کے وسائل کو مزید ترقی دی جاسکتی ہے۔ مقامی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں نے بھی مزید سرمایہ کاری کے لیے دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ سندھ بورڈ آف انویسٹمنٹ نے حکومت سندھ کی مدد سے کئی منصوبوں کو آغاز کیا ہے اور مقامی پیداوار کو مدنظر رکھتے ہوئے سرمایہ کاری کے لیے نئے شعبوں کی بھی شناخت کی گئی ہے۔ لائیو اسٹاک ڈیری، فشریز، پولٹری ایگری کلچر نمائش 2015ء بھی اسی حکمت عملی کا حصہ ہے۔ مزید سرمایہ کاری جن مختلف شعبوں میں کی جاسکتی ہے ان میں پھلوں اور سبزیوں کی پراسسنگ، چاول کی پراسسنگ، روئی، جننگ، آب پاشی کا نظام، گلہ بانی، میٹ پراسسنگ، ڈیری فارمنگ، پولٹری فارمنگ اور فشریز وغیرہ کے شعبے شامل ہیں۔ اس کے علاوہ حکومت سندھ مالیاتی اور تیکنیکی معاونت کے ساتھ کم نرخوں پر قرضے بھی فراہم کررہی ہے اور ریسرچ اور ڈیویلپمنٹ کے لیے کاشت کاروں کی حوصلہ افزائی بھی کی جارہی ہے۔ ہارس اینڈ کیٹل شو نمائش کے دوسرے دن منعقد ہوا تھا اس موقع پر انعامات کی خصوصی تقریب بھی منعقد کی گئی جس میں بڑی تعداد میں شرکاء، عوام اور 63 سے زائد کمپنیوں نے بھرپور حصہ لیا۔

مزید :

کامرس -