پیڈمک کا رحیم یار خاں انڈسٹریل اسٹیٹ میں نجی شعبہ میں بجلی گھرتعمیر کرنے کا اعلان
لاہور(کامرس رپورٹر)پنجاب انڈسٹریل اسٹیٹس ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی (پیڈمک) کے چےئر مین رضوان خالد بٹ نے رحیم یار خاں انڈسٹریل اسٹیٹ میں نجی شعبہ میں بجلی گھرتعمیر کرنے کا اعلان کیا جواس اسٹیٹ میں سرمایہ کاروں کی انرجی کی ضرورت کو پورا کرے گا ۔ یہ اعلان پیڈمک کے چےئر مین رضوان خالد بٹ نے گزشتہ روز رحیم یار خاں انڈسٹریل اسٹیٹ میں نئے صنعتی یونٹس لگانے والوں کے ایک گروپ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ۔ وفد میں مقامی ، قومی اور بین الاقوامی سرمایہ کار شامل تھے ۔واضح رہے کہ رحیم یار خاں انڈسٹریل اسٹیٹ کا افتتاح گزشتہ سال اپریل میں وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے کیا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ متذکرہ انڈسٹریل اسٹیٹ کے پہلے فیز میں مختص صنعتی پلاٹوں میں سے 30۔ فیصد ایریا پر صنعتی یونٹس لگانے والوں نے کام شروع کر دیا ہے جبکہ دوسرے فیز پر تعمیراتی کام جلد مکمل کر لیا جائے گا ۔ رضوان خالد بٹ نے بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف صوبہ کی صنعتی سرگرمیوں میں اضافہ کے لئے ذاتی دلچسپی کے نتیجہ میں پیڈمک سات نئی انڈسٹریل اسٹیٹس کا تعمیراتی کام آئندہ ایک سے ڈیڑھ سال کے عرصہ میں مکمل کر لے گی جس سے براہ راست پانچ لاکھ روزگار کے نئے مواقع پیدا ہونگے جبکہ انڈسٹریل اسٹیٹس کے قیام کیلئے جنوبی پنجاب میں ترجیحی بنیادوں پر کام ہو رہا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ رحیم یار خاں انڈسٹریل اسٹیٹ کی پچاس فیصدکالونائزیشن کے بعد ایک ٹیکنیکل اور ووکیشنل ٹریننگ سنٹر قائم کیا جائے گا جس کا مقصد جنوبی پنجاب اور رحیم یار خاں میں ہنر مند افرادی قوت تیار کرنا اور انہیں روزگار فراہم کرنا ہے ۔