سمیڈا نیدر لینڈ کی کمپنی کے اشتراک سے طویل المدتی پروگرام شروع کریگی

سمیڈا نیدر لینڈ کی کمپنی کے اشتراک سے طویل المدتی پروگرام شروع کریگی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(کامرس رپورٹر)سمال اینڈ میڈیم انٹر پرائزز ڈویلپمنٹ اتھارٹی ’’سمیڈا‘‘ پاکستانی ایس ایم ایز کو برآمد ی منڈیوں میں نافذ العمل معیاروں سے ہم آہنگ بنانے کیلئے طویل المدتی پروگرام تشکیل دے رہا ہے۔ یہ بات سمیڈا کے چیف ایگزیکٹو آفیسر شیر ایوب کی صدارت میں منعقدہ ایک اجلاس کے دوران سمیڈا کی نظامت بیرونی تعلقات کے انچارج شہریار طاہر نے بتائی۔ انہوں نے کہا کہ یہ پروگرام نیدرلینڈز کے عالمی ایکسپرٹ ادارے ’’پُم‘‘ کے اشتراک سے تشکیل دیا جا رہا ہے۔ انہوں نے بتا یا کہ اس ضمن میں سمیڈا اورپم کے نمائیدوں پر مشتمل ایک مشترکہ ’فیکٹ فائیندنگ مشن‘‘ گزشتہ تین ماہ سے ایس ایم ای سیکٹر کے سٹیک ہولڈرزکے ساتھ مشاورتی اجلاسوں کا انعقاد کر رہا ہے ،جن کی مدد سے مقامی ایس ایم ایز کے برآمد ی منڈیوں میں داخلے کی راہ میں حائل مختلف رکاوٹوں کے حوالے سے ایک جائزہ رپورٹ مرتب کی جا چکی ہے۔ نیدر لینڈز سے پم کی نمائیدگی کیلئے سینئر ڈچ ماہر مسٹر اوڈلفس وین سمرین متذکرہ مشاورتی عمل کے دوران سمیڈا کے شانہ بشانہ ملک بھر کی اہم کاروباری ایسوسی ایشنوں اور ایوانہائے صنعت و تجارت کے دورے کر تے رہے ہیں۔
مسٹر شہر یار نے بتا یا کہ صنعت و حرفت کے نمائیدہ اداروں با لخصوص لاہور چیمبر، راولپنڈی اور فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے سمیڈا کی طرف سے ایس ایم ایز کی برآمدی سکت میں اضافے کے پروگرام کو بے حد سراہا ہے۔ دریں اثناء سمیڈا کے چیف ایگزیکٹو آفیسر شیر ایوب نے سمیڈا کے تمام ڈویژنل ہیڈز ، صوبائی سربرہان اور محکمہ جاتی ہیڈز کو ہدائت کی ہے کہ سمیڈا میں آئیندہ تشکیل دئیے جانے والے تمام ترقیاتی پروگراموں کی بنیاد ایس ایم ای سیکٹر کی برآمدی استعداد میں اضافے پر استوار کی جائے۔ انہوں نے ایکسٹرنل ڈائریکٹریٹ کو ہدائت کی کہ ’’پُم ‘‘ کے اشتراک سے تشکیل دئیے جانے والے پروگرام کو جلد از جلد مکمل کیا جائے اور اس پر عملدرآمد کیلئے ایس ایم ایز پر مبنی صنعتی ایسوسی ایشنوں سے گہر ا رابطہ رکھا جائے۔ انہو ں نے امید کی کہ مذکورہ پروگرام سے ایس ایم ای سیکٹر میں تیار کی جانے والی مصنوعات کو عالمی معیاروں کے مطابق ڈھالنے میں خاطر خواہ مدد ملے گی جس کے نتیجے میں متعد د ایس ایم ایز اپنی مصنوعات عالمی منڈی میں فروخت کے قابل ہو جائیں گی۔یہ امر قابل ذکر ہے کہ نیدر لینڈز کا ادارہ ’ ’پُم ‘‘ ایک غیر منافع ادارے کے طور پر ڈچ ایمپلائرز فیڈریشن نے 1978اپنی وزارت خارجہ کی مالیاتی معاونت سے تشکیل دیا جس کے توسط سے یہ ادارہ عالمی تجارت کے حوا لے سے اپنے ماہرین کی خدمات ترقی پذیر ممالک کی ترقی کیلئے پیش کرتے ہیں۔ اس وقت پم کے 3000 سے زائد سینئر ماہرین دنیابھر کے ترقی پذیر ممالک میں رضاکارانہ خدمات انجام دے رہے ہیں۔پاکستان میں پم ، سمیڈا کے ساتھ ملکر مقامی ایس ایم ایز کو برآمد ی منڈیوں میں سرائت کے تقاضوں اور معیاروں کے بارے میں آگاہی دے گا۔

مزید :

کامرس -