اقتصادی راہداری سے خطے کے دیگر ممالک کو بھی فائدہ پہنچے گا ؛ چینی سفیر
اسلام آباد (اے پی پی) پاکستان میں چین کے سفیر سن وائی دونگ نے کہا ہے کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری معاشی ترقی کی ایک پٹی ہے جسے چین اور پاکستان پائیدار ترقی کو یقینی بنانے کیلئے سائنسی منصوبہ بندی کے مطابق تعمیر کریں گے، چین پاکستان اقتصادی راہداری صرف چین اور پاکستان کے درمیان تعاون بڑھانے کے لئے حکمت عملی کا نام نہیں بلکہ یہ اس پورے خطے کی ترقی اور خوشحالی کے لئے اہم کردار ادا کرے گا۔ اقتصادی راہداری سے نہ صرف دونوں ملکوں بلکہ خطے کے دوسرے ملکوں کو بھی فائدہ پہنچے گا۔ اقتصادی راہداری دونوں ملکوں کے درمیان اہم شعبوں میں تعاون پر مبنی اقدامات اور منصوبوں کا جامع پیکیج ہے جس میں اطلاعات نیٹ ورک، بنیادی ڈھانچے، توانائی، صنعتیں، زراعت، سیاحت اور متعدد دوسرے شعبے شامل ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو چین پاکستان اقتصادی راہداری کی تعمیر میں چینی اور پاکستانی میڈیا کے کردار کے موضوع پر سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ چینی سفیر نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری کے تحت اہم منصوبوں میں گوادر پورٹ کی اپ گریڈیشن، گوادر پورٹ ایکسپریس وے، گوادر انٹرنیشل ائیر پورٹ اور کراچی سکھر موٹر وے شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چین پاک اقتصادی راہداری کی تکمیل کو یقینی بنانے کیلئے پاکستان کی ہر ممکن تعاون کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اقتصادی راہداری سڑکوں اور انفراسٹرکچر کا نام نہیں بلکہ یہ ملک کو موٹر ویز سے منسلک کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ رواں سال کے اوائل میں چینی صدر کے دورہ پاکستان نے دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے لئے روڈ میپ دیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ یہ دورہ دونوں ممالک کے تعلقات کو بلندیوں تک پہنچانے کے لئے اہم موقع ہے اور ہمیں اس دورہ کے دوران اعلان کردہ منصوبوں کو عملی جامہ پہنانے کے لئے اس موقع سے استفادہ کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہاکہ چین پاکستان اقتصادی راہداری کے تحت توانائی کے منصوبوں سے پاکستان میں توانائی کے حالیہ بحران پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔
اس راہداری سے خصوصاً پسماندہ علاقوں میں بھی مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔