چینی کمپنیوں کی خیبر پی کے میں تیل و گیس کے منصوبوں میں شرکت کا خیرمقدم کرینگے
پشاور (اے پی پی) چینی کمپنیوں کی صوبہ خیبرپختونخوا میں تیل و گیس کے منصوبوں میں دلچسپی اور شرکت کا خیرمقدم کریں گے اور حکومت تمام سہولیات اور مراعات فراہم کرے گی۔ ان خیالات کا اظہار خیبرپختونخوا آئل و گیس کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر رضی الدین نے جمعرات کو چن ی سی کے گروپ کے چیف ایگزیکٹو مسٹر ٹاؤ یی کی قیادت میں اعلیٰ سطحی وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔ چیف ایگزیکٹو کے پی او جی سی ایل نے کہا کہ صوبہ خیبرپختونخوا میں ہائیڈرو کاربن کے وسیع ذخائر موجود ہیں جن سے استفادہ کرنے کیلئے تمام اقدامات کئے جا رہے ہیں، اس وقت صوبہ تیل و گیس کی تلاش اور پیداواری کمپنیوں کیلئے پرکشش حیثیت اختیار کر چکا ہے جہاں سے روزانہ 50 ہزار بیرل یومیہ تیل اور 380 ملین کیوبک فٹ گیس ملکی ضروریات کیلئے فراہم ہو رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت تیل و گیس کی تلاش اور پیداوار میں سرمایہ کاروں کو سہولیات اور ترغیبات کا پرکشش پیکیج فراہم کر رہی ہے جو دنیا کے کسی بھی ترقی یافتہ ملک سے کم نہیں ہے۔ چیف ایگزیکٹو کے پی او جی سی نے بتایا کہ اس وقت صوبہ خیبرپختونخوا میں گیس کے 9 کھرب مکعب فٹ اور تیل کے 600 ملین بیرل ذخائر موجود ہیں۔ انہوں نے چینی گروپ کے چیف ایگزیکٹو مسٹر ٹاؤ یی اور وفد کے اراکین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ دونوں کمپنیوں کے پاس گذشتہ اپریل میں بیجنگ میں مفاہمتی یادداشت پر دستخط کے بعد مشاورتی اجلاس میں تیزی آنا ایک بہت بڑا قدم ہے
جس سے دونوں ممالک کے ماہرین کو ایک دوسرے کے تجربات سے مستفید ہونے کا بھرپور موقع ملے گا۔
چینی گروپ کے چیف ایگزیکٹو مسٹر ٹاؤ یی نے صوبہ خیبرپختونخوا کی حکومت اور کے پی او جی ایل حکام کا چینی کمپنیوں کو تیل و گیس کے منصوبوں میں شرکت کی دعوت کو سراہتے ہوئے شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے برادرانہ تعلقات میں اضافہ کا نیا باب ہو گا۔