پاک امریکہ دو طرفہ تجارت میں برابر اضافہ ہو رہا ہے: امریکی کمرشل قونصلر
فیصل آباد (بیورورپورٹ) پاک امریکہ دو طرفہ تجارت میں برابر اضافہ ہو رہا ہے جبکہ امریکہ نے 2016میں پاکستان کو 2.1بلین ڈالرکی برآمدات کیں جبکہ رواں سال کے پہلے 5ماہ کے دوران امریکی برآمدات کا حجم1.3بلین ڈالر رہا ۔ یہ بات امریکہ کے کمرشل قو نصلرمسٹر سٹیفن پی نوڈ نے فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔انہوں نے کہا کہ امریکہ کمرشل ڈپلومیسی کے تحت تجارت اور سرمایہ کاری بڑھانے پرزیادہ توجہ دے رہا ہے یہی وجہ ہے کہ کمرشل قونصلر کے دفاتر اسلام آباد سے کراچی منتقل کئے گئے ہیں انہوں نے کہا کہ چو نکہ کراچی کے بعد فیصل آباد پاکستان کا اہم تر ین بزنس مرکز ہے اس لئے وہ خود یہاں کا دورہ کر رہے ہیں۔ حالانکہ اس سے اسی شہرکے صنعتی ،تجارتی اور کارو باری معاملات کو لاہور میں امریکہ کا قو نصلیٹ ہی دیکھ رہا تھا۔ انہوں نے کہا کہ فیصل آباد کے جی ڈی پی میں 20فیصدکا اضافہ اس کے خوشحال مستقبل کی علامت ہے۔ انہوں نے بتا یا کہ دونوں ملکوں کی بز نس کمیونٹی میں قریبی روابطہ اور ایک دوسرے کو ضروری معلومات کی فراہمی کیلئے گزشتہ (5) سالوں سے باقاعدگی کے ساتھ پاکستان اور امریکہ کے درمیان تجارتی مواقعوں کے بارے میں کانفرنسیں ہو رہی ہیں۔
گزشتہ برس یہ کانفرنس نیو یارک میں جبکہ 2015 میں یہ اسلام آباد میں ہوئی۔ توقع ہے کہ اس سال نومبرمیں یہ کانفرنس دوبارہ پاکستان میں ہوگی۔ انہوں نے بتایا کہ پہلا موقع ہے کہ پاکستان کی کئی کمپنیاں امریکہ میں اپنے دفاتر کھول رہی ہیں جبکہ یو ایس کمرشل سروس ڈیپارٹمنٹ اس سلسلہ میں انہیں ضروری معلومات اور سہولتیں بھی مہیا کر رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ امریکہ کے چھوٹے اور درمیانہ درجہ کے ادارے بھی پاکستان میں بڑی تعداد میں سرمایہ کاری کر رہے ہیں جن میں آنے والے دنوں میں مزید اضافہ ہوگا۔ پاکستان میں امریکی کمپنیوں کو درپیش چیلنجوں کے حوالے سے مسٹر سٹفین نے کہا کہ توانائی ، لیبر اور سیکورٹی جیسے چیلنج ہیں جو پاکستان کے صنعتکاروں کو بھی درپیش ہیں۔