پچھلے سال ہائی سپیڈ ڈیزل کی فروخت میں 8.6 فیصداضافہ ہوا
اسلام آباد (اے پی پی) گذشتہ مالی سال 2016-17ء کے دوران ہائی سپیڈ ڈیزل کی فروخت میں 8.6 فیصد کا اضافہ ہوا ہے اور دوران سال ہائی سپیڈ ڈیزل کی مجموعی فروخت کا حجم 8.4 ملین ٹن تک بڑھ گیا جبکہ مالی سال 2016ء کی فروخت کا حجم 7.7 ملین ٹن ریکارڈ کیا گیا تھا۔ آئل کمپنیز ایڈوائزری کونسل (او سی اے سی) کے اعدادوشمار کے مطابق پاکستان ہائی سپیڈ ڈیزل کی مجموعی فروخت کے تقریباً 40 فیصد کے مساوی درآمدات پر انحصار کرتا ہے جبکہ بقیہ تیل مقامی ریفائنریز سے حاصل کیا جا رہا ہے۔ اعدادوشمار کے مطابق مالی سال 2016ء میں ہائی سپیڈ ڈیزل کی درآمدات 3.08 ملین ٹن رہی تھیں جو گذشتہ سال کے دوران 3.89 ملین ٹن بڑھ گئیں۔ اسی طرح مقامی پیداوار کا حجم 4.3 ملین ٹن سے 4.1 ملین ٹن تک پہنچ گیا۔ او سی اے سی کی رپورٹ کے مطابق مالی سال 2014ء کے دوران ہائی سپیڈ ڈیزل کی مجموعی فروخت 6.8 ملین ٹن جبکہ درآمدات 2.6 ملین ٹن اور مقامی پیداوار 4.3 ملین ٹن رہی تھی جبکہ مالی سال 2015ء کے دوران ہائی سپیڈ ڈیزل کی مجموعی فروخت 7.3 ملین ٹن، درآمدات 3.1 ملین ٹن اور مقامی پیداوار 4.4 ملین ٹن ریکارڈ کی گئی تھی۔
رپورٹ کے مطابق مالی سال 2015-16ء کے مقابلہ میں گذشتہ مالی سال 2016-17ء کے دوران ہائی سپیڈ ڈیزل کی مجموعی فروخت میں 8 فیصد سے زائد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔