جنوری سے پٹرول پر اضافی پانچ فیصد ٹیکس نافذ کردیا جائے گا،سعودی عرب کے حکام کا اعلان
ریاض(آن لائن)سعودی عرب کی حکومت نے اعلان کیا ہے کہ جنوری 2018 سے پٹرول پر اضافی پانچ فیصد ویلیو ایڈڈ ٹیکس نافذ کیا جائے گا۔سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق اس بات کا اعلان سعودی حکام نے گزشتہ روزکیا ۔ جس کے تحت مقامی ٹرانسپورٹ خدمات اور بنکوں میں انتظامی خدمات پر اضافی قدری ٹیکس نافذ کیا جائے گا، البتہ بین الاقوامی ٹرانسپورٹیشن اور خلیج تعاون کونسل کے رکن ممالک سے باہر بھیجی جانے والی اشیا واٹ سے مستثنا ہوں گی۔وزارتِ صحت اور خوراک اور ادویہ اتھارٹی کی جانب سے جاری کردہ فہرست میں شامل ادویہ اور طبی آلات پر بھی یہ ٹیکس نافذ نہیں کیا جائے گا۔
اس کے علاوہ کسی شہری کے زیر استعمال ذاتی رہائشی جائیداد کی فروخت یا اس کو کرایہ پر دینے پر بھی واٹ یا وی اے ٹی لاگو نہیں ہوگا۔متعلقہ حکومتی ادارے نے یکم جنوری سے اضافی قدری ٹیکس کے نفاذ کے لئے بلدیات اور دیہی امور کی وزارت ، وزارتِ محنت اور سماجی ترقی اور محکمہ کسٹم سے باہمی تعاون کے سمجھوتے طے کئے ہیں۔اتھارٹی سرکاری اداروں کی اضافی قدری ٹیکس نظام کے نفاذ سے قبل ضروری تیاریوں کے سلسلے میں اس طرح کے سمجھوتے کررہی ہے اور وہ رجسٹریشن کیلئے ان سرکاری اداروں کی حوصلہ افزائی کرنا چاہتی ہے۔حکام کے مطابق جن سرکاری اداروں کی سالانہ آمدن10 لاکھ سعودی ریال سے زیادہ ہے ان سے کہا گیا ہے کہ وہ خود کو 20 دسمبر 2017 سے قبل وی اے ٹی نظام کے لیے رجسٹر کروالیں۔۔#/s#
*****