ملکی معاشی ترقی کیلئے صنعتوں کو فل ٹائم فیول ملنا ازحد ضروری ہے ‘پیاف
لاہور ( کامرس رپورٹر) پاکستان انڈسٹریل اینڈ ٹریڈرز ایسوسی ایشنز فرنٹ (پیاف) نے سوئی ناردن گیس کمپنی کی طرف سے سردیوں میں گیس لوڈ شیڈنگ نہ کرنے کے فیصلے کو ملکی معیشت کے لئے حوصلہ افزا قرار دیا ہے، ملکی معاشی ترقی کیلئے صنعتوں کے لئے فل ٹائم فیول ملنا ازحد ضروری ہے چونکہ سسٹم میں ایل این جی کی سپلائی آنے سے گیس کا ذخیرہ وافر مقدار میں موجود ہے ،گیس لوڈشیڈنگ کے خاتمہ سے صنعتیں اپنی استعداد کے مطابق کام کریں گی۔ چیئرمین پیاف عرفان اقبال شیخ ،سینئر وائس چیئرمین تنویر احمد صوفی اور وائس چیئرمین خواجہ شاہزیب اکرم کے ہمراہ صنعتکاروں کے وفود سے ملاقات میں کہا کہ کئی سالوں سے سردیوں کے موسم میں گیس کا شارٹ فال ہو جانے کی وجہ سے انڈسٹریل، کمرشل، سی این جی اور پاور سیکٹر میں گیس کی لوڈ شیڈنگ ہو رہی ہے جس سے ایک شفٹ بند ہونے سے پیداواری صلاحیت میں کمی اور بیروز گاری میں اضافہ ہونے سے ملکی معیشت کو ناقابل تلافی نقصان ا اٹھانا پرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام انڈسٹریل اسٹیٹس میں غیر اعلانیہ لوڈشیدنگ بھی ختم کی جائے تاکہ متبادل ذرائع استعمال کرنے کی وجہ سے صنعتوں کی پیداواری لاگت نہ بڑھنے پائے ۔پیداوری لاگت زیادہ ہونیکی وجہ سے اکثر پیداواری یونٹس بند ہو چکے ہیں اور نئی صنعتیں نہیں لگ رہی ہیں۔ بین الاقوامی حالات کے تناظر میں یہ ضروری ہے کہ صنعتوں کو بلا تعطل گیس و بجلی کی سپلائی ملتی رہے تاکہ صنعتیں اپنی کیپیسیٹی کے مطابق کام کر سکیں اور روزگار کا لیول قائم رہے۔عرفان اقبال شیخ نے کہا کہ وزیراعظم کی ذاتی کوششوں سے پنجاب میں دیگر توانائی پراجیکٹ کی تکمیل سے2018 میں توانائی بحران کا مکمل خاتمہ ہوجائے گا اور لوڈ شیڈنگ قصہ پارینہ بن جائے گی۔