چیئرمین ایف بی آر کے وعدے کے باوجود چھاپوں پر لاہور چیمبر کا شدید احتجاج

چیئرمین ایف بی آر کے وعدے کے باوجود چھاپوں پر لاہور چیمبر کا شدید احتجاج

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور (کامرس رپورٹر) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر عبدالباسط، سینئر نائب صدر امجد علی جاوا اور نائب صدر محمد ناصر حمید خان نے چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی جانب سے یقین دہانی کے باوجود کاروباری مقامات پر چھاپے جاری رہنے پر شدید احتجاج کرتے ہوئے چیئرمین ایف بی آر پر زور دیا ہے کہ وہ اپنے احکامات کی خلاف ورزی کا نوٹس لیں اور چھاپے فوری طور پر رکوائیں وگرنہ احتجاجاً راست اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ ایک بیان میں لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے عہدیداروں نے کہا کہ چیئرمین ایف بی آر نے لاہور چیمبر میں وعدہ کیا تھا کہ تاجروں کو تنگ نہیں کیا جائے گا اور کاروباری مقامات پر چھاپے نہیں مارے جائیں گے جبکہ سینٹ کی سٹینڈنگ کمیٹی برائے فنانس و ریونیو نے بھی ایک مراسلہ کے ذریعے واضح کیا تھا کہ ایسا کوئی ایکشن چیئرمین ایف بی آر کی اجازت کے بغیر نہیں لیا جائے گا لیکن ٹیکس عملہ ان کے اعلان کو ہوا میں اْڑا کر چھاپے مارے جارہا ہے ۔ لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے کہا کہ تاجروں کا استحصال کسی طرح بھی برداشت نہیں، اگر بیوروکریسی اختیارات کا کلہاڑا چلاتی رہی تو شدید احتجاج کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ لاہور چیمبر کا ہمیشہ سے یہ مطالبہ رہا ہے کہ موجودہ ٹیکس دہندگان کو نچوڑنے کے بجائے ٹیکس نیٹ کو وسعت دی جائے اور آمدن رکھنے والے لوگوں کو ٹیکس نیٹ میں لایا جائے لیکن ایف بی آر ٹیکس نیٹ کو وسعت دینے کے بجائے موجودہ ٹیکس دہندگان کو دبانے پر ہی تمام طاقتیں صرف کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوابدیدی اختیارات کی آڑ میں تاجروں کے استحصال، کاروباری مقامات پر چھاپوں اور بینک اکاؤنٹس سے ازخود رقوم نکلوالینے جیسے غیرمنصفانہ اقدامات نے ٹیکس دہندگان کا جینا دوبھر کررکھا ہے جبکہ جو لوگ ٹیکس نیٹ سے باہر ہیں انہیں ایسے مسائل کا سامنا نہیں۔ لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے حکومت پر زور دیا کہ وہ فوری طور پر اس صورتحال کا نوٹس لے کیونکہ بیوروکریسی ایسے اقدامات اٹھاکر عدم اعتماد کو فروغ دے رہی ہے۔
جو ملک کے مفاد میں نہیں ہے۔

مزید :

کامرس -