کاشتکار سمبر میں ٹنل کی بہتر پیداوار کی تراکیب پرعمل کریں ‘ محکمہ زراعت پنجاب
لاہور ( این این آئی) محکمہ زراعت پنجاب نے کہا ہے کہ دسمبر کے آغاز میں ٹنل میں لگائی گئی سبزیوں کے لئے بہترین اقدامات کئے جائیں،ٹنل کے اندر لگائی گئی سبزیوں کی آبپاشی اور کھاد کا استعمال ہو سکے توبذریعہ ڈرپ ایریگشن کریں۔سپرے کرنے اورکھاد ڈالنے کے بعد ٹنل کا منہ بند نہ کریں تاکہ گیس پیداہوکر نقصان نہ پہنچائے۔دن کے وقت تقریباً 9بجے صبح سے 4بجے شام تک ٹنل کے منہ کو دونوں طرف سے کھلارکھا جائے تاکہ ٹنل کے اندر زیادہ نمی پیدا نہ ہو جو کہ بیماریوں کا موجب بنتی ہے۔
اگر ممکن ہو تو ٹنل میں ہواخارج کرنے والا پنکھا لگا دیں تاکہ بے جا نمی کو خارج کیا جا سکے۔
اور درجہ حرارت مناسب رکھا جا سکے۔ کوشش کریں کہ ٹنل میں درجہ حرارت 15سے30درجہ سینٹی گریڈ کے درمیان رہے۔بیلوں والی سبزیوں میں نر اورمادہ پھول الگ الگ ہوتے ہیں اس لیے ان میں اخلاط نسل خود بخود نہیں ہوتا۔ لہٰذا یہ کام ہاتھ سے کرنا چاہیے۔ یہ عمل ٹنل کے پلاسٹک اتارنے تک جاری رکھیں۔ پلاسٹک اتارنے کے بعد یہ کام مکھیاں سرانجام دیتی ہیں۔پودوں کی تربیت ،کانٹ چھانٹ اور گوڈی وغیرہ کا خیال رکھیں۔
*****