چیئر مین واپڈا کا نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کا دورہ ، تعمیراتی کام کا جائزہ لیا

چیئر مین واپڈا کا نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کا دورہ ، تعمیراتی کام کا ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(کامرس رپورٹر)چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل مزمل حسین (ریٹائرڈ) نے کہا ہے کہ ملک سے بجلی کی قلّت دور کرنے اور قومی معیشت کو مستحکم کرنے کے لئے بجلی کے زیر تعمیر منصوبوں کی ممکنہ حد تک کم از کم مدت میں تکمیل اشد ضروری ہے۔ یہ صورت حال پراجیکٹ منتظمین سے اس بات کا تقاضا کرتی ہے کہ وہ نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ سمیت پن بجلی کے تمام منصوبوں کو مکمل کرنے کے لئے بھرپور اقدامات عمل میں لائیں۔چیئرمین واپڈا نے ان خیالات کا اظہار نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کے دورے کے موقع پر کیا۔ اپنے دورے کے پہلے مرحلے میں چیئرمین واپڈا مظفر آباد سے41کلومیٹر دور شرقی جانب نوسیری کے مقام پر واقع ویئر(ڈیم) سائٹ پر پہنچے ، جہاں انہوں نے مین ڈیم ، کمپوزٹ ڈیم اور ڈی سینڈر سمیت اُس سائٹ پر واقع دیگر حصوں پر جاری تعمیراتی کام کا جائزہ لیا۔دورے کے دوسرے مرحلے میں چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل مزمل حسین (ریٹائرڈ) نے مظفر آباد سے 22کلومیٹر جنوبی سمت چھتر کلاس کے مقام پر پاور ہاؤس سائٹ کا دورہ کیا اور زیر زمین پاور ہاؤس ، سرج شافٹ اور ٹرانسفارمرز ہال میں پیداواری یونٹس اور ٹرانسفارمرز کی تنصیب کے لئے جاری الیکٹریکل اور مکنیکل ورکس کا مشاہدہ کیا۔

اُنہوں نے منصوبے کے سوئچ یارڈ پر جاری کام کا بھی جائزہ لیا۔دورے کے اختتام پر گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین واپڈا نے منصوبے پر کام کی رفتار اور تعمیراتی معیار کی تعریف کی اور کہا کہ مذکورہ دونوں عوامل اس منصوبے کی تکمیل کے لئے نہایت اہم ہیں۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کی تعمیر کے لئے تینوں سائٹس پربیک وقت کام کیا جارہا ہے۔ اس منصوبے کے چار پیداواری یونٹس ہیں ،جن میں سے ہر ایک کی پیداواری صلاحیت 242اعشاریہ 25 (242.25) میگاواٹ ہے جبکہ منصوبے کی مجموعی پیداواری صلاحیت 969میگاواٹ ہے۔

مزید :

کامرس -