لاہور چیمبر کی جانب سے ایگزم بینک کے قیام کا خیر مقدم
لاہور(کامرس رپورٹر) لاہور چیمبرکے صدر عبدالباسط اور نائب صدر محمد ناصر حمید خان نے ایکسپورٹ امپورٹ بینک (ایگزم بینک ) کے قیام اور ہیڈ آفس لاہور میں بنانے کے فیصلے کو سراہتے ہوئے کہا ہے حکومت کے اس قدم کے بہت دور رس نتائج برآمد ہونگے اور ملک کی بین الاقوامی تجارت بڑھانے میں مدد ملے گی۔ ایک بیان میں لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے کہا کہ وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار، وفاقی وزیر تجارت خرم دستگیر خان اور گورنر سٹیٹ بینک اشرف محمود واتھرا مبارکباد کے مستحق ہیں جنہوں نے یہ انتہائی اہم قدم اٹھایا ۔ انہوں نے کہا کہ ایکسپورٹ امپورٹ بینک (ایگزم بینک) کے قیام سے تاجروں کے سرمائے کو تحفظ ملے گا اور انہیں غیرملکی تاجروں کے ساتھ لین دین کرنے میں آسانی ہوگی۔ اس کے علاوہ تاجروں کو قلیل المدت اور طویل المدت بنیادوں پر فنانسنگ کی سہولیات بھی میسر آئیں گی۔ لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے توقع ظاہر کی کہ وہ ایگزم بینک کی خدمات سے بھرپور استفادہ کریں گے جس سے بالخصوص ملک کی برآمدات کو فائدہ ہوگا۔