محکمہ زراعت کے افسران نے دیہی علاقوں کے دورے شروع کر دیئے
فیصل آباد(بیورورپورٹ )حکومتی ہدایات کی روشنی میں زیادہ سے زیادہ رقبہ کو زیر کاشت لانے اور غذائی اجناس کی بھر پور پیداوار کے حصول کیلئے محکمہ زراعت نے جدید زرعی پیداواری ٹیکنالوجی عام کاشتکاروں تک پہنچانے کیلئے اقدامات کا آغاز کر دیا ہے ، کاشتکاروں کو گھر کی دہلیز کے قریب زیادہ سے زیادہ زرعی سہولیات کی بہم رسانی کے پروگرام پر عملد ر آمد کے علاوہ انہیں بر وقت مفید مشورے بھی فراہم کئے جا رہے ہیں۔
تاکہ فی ایکڑ زیادہ سے زیادہ پیداوار اور صحت مند فصلوں کا حصول ممکن ہو سکے۔ محکمہ زراعت کے ذرائع نے بتایا کہ حکومتی ہدایات کی روشنی میں تمام اضلاع میں فارمرز ڈے منانے کا سلسلہ بھی شروع کر دیا گیا ہے جہاں کاشتکار و کسان ماہرین زراعت سے بالمشافہ ملاقات کر کے اپنے مسائل بیان اور ان سے مفید مشورے حاصل کریں گے ۔ انہوں نے بتا یا کہ محکمہ زراعت کے افسران کو زرعی رقبوں کے دوروں کی بھی ہدایت کی گئی ہے تاکہ وہ زمین کے تجزیہ سمیت موقع پر ہی کسانوں کو بھر پور معاونت کی فراہمی میں مدد گار ثابت ہو سکیں۔