لاہور چیمبر کا رحیم یار خان میں انڈسٹریل اسٹیٹ کے قیام کا خیر مقدم

لاہور چیمبر کا رحیم یار خان میں انڈسٹریل اسٹیٹ کے قیام کا خیر مقدم

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور (کامرس رپورٹر) لاہور چیمبرنے رحیم یار خان میں انڈسٹریل اسٹیٹ کے قیام کا خیر مقدم کرتے ہوئے حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ اسے کامیابی سے ہمکنار کرنے کے لیے تمام سہولیات کم سے کم وقت میں مہیا کرے۔ ایک بیان میں لاہور چیمبر کے صدر شیخ محمد ارشد، سینئر نائب صدر الماس حیدر اور نائب صدر ناصر سعید نے کہا کہ پنجاب حکومت کا یہ قدم صوبے میں صنعت سازی کو وسعت اور تجارتی و معاشی سرگرمیوں کو فروغ دے گا۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں نئی انڈسٹریل اسٹیٹس کے قیام سے نہ صرف جنوبی پنجاب کے صنعتکار اپنی صنعتوں کو وسعت دے سکیں گے بلکہ غیرملکی سرمایہ کاروں کو بھی پاکستان بالخصوص صوبہ پنجاب میں کاروبار کرنے کی ترغیب ملے گی جبکہ روزگار کے ہزاروں نئے مواقع بھی پیدا ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت جنوبی پنجاب کے صنعتکاروں کادیرینہ مطالبہ پورا کرنے پر مبارکباد کی مستحق ہے۔ لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے حکومت پر زور دیا کہ وہ رحیم یار خان انڈسٹریل اسٹیٹ کو وافر بجلی کی فراہمی یقینی بنائے جو صنعتوں کا پہیہ رواں رکھنے کے لیے بہت ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ صرف پنجاب ہی نہیں بلکہ ملک بھر میں انڈسٹریل اسٹیٹس اور اکنامک زونز کا قیام وقت کی اہم ضرورت ہے کیونکہ ان کے ذریعے حکومت معاشی چیلنجز سے چھٹکارا حاصل کرسکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ انڈسٹریل اسٹیٹس اور اکنامک زونز ملک کی صنعتی بنیاد کو مضبوط اور معیشت کو دوبارہ اپنے پیروں پر کھڑا کرنے میں اہم کردار ادا کریں گے ۔
لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے عہدیداروں نے تمام سرکاری اداروں پر زور دیا کہ وہ ون ونڈو آپریشن کے ذریعے انڈسٹریل اسٹیٹس کو تمام ضروری سہولیات مہیا کریں تاکہ معاشی استحکام کا خواب جلد سے جلد پورا ہوسکے۔

مزید :

کامرس -