پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ ملک کو خوشحالی کی راہوں پر گامزن کرے گا ‘افتخار بشیر
لاہور ( کامرس رپورٹر)صدر گرائنڈنگ ملز ایسوسی ایشن پاکستان وسابق ایگزیکٹو ممبر لاہور چیمبرچوہدری افتخار بشیر نے کہا ہے کہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ ملک کو خوشحالی کی راہوں پر گامزن کرے گا،پاک چین اقتصادی راہداری کے نتیجے میں پاکستان میں ملازمتوں کے 8لاکھ نئے مواقع پیدا ہونے سے بے روزگاری کا خاتمہ ہوگا۔انہوں نے کہا کہ اس منصوبے سے ملک کے تمام صوبوں کو یکساں فوائد حاصل ہونگے۔ٹرانسپورٹ کا جدید انفراسٹرکچر پاکستانی معیشت کو عالمی مسابقت کے لیے تیار کرے گا ۔افتخار بشیر چوہدری نے کہا کہ منصوبے کی تکمیل کے بعد ملک کے معاشی و سماجی حالات میں تیز ی سے بہتری آئے گی۔ اقتصاد ی راہداری منصوبہ میں شامل گوادر صنعتی زون میں چین، مشرق وسطی،یورپی اور پاکستانی سرمایہ کاروں کی جانب سے 3سو سے زائد صنعتی یونٹس کے قیام ملک میں غیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافہ ہوگا نیز گوادر صنعتی زون سے لاکھوں افراد کو روزگار کے مواقع دستیاب ہونگے۔
جس سے ملک میں بے روزگاری کے خاتمہ میں بھی مدد ملے گی۔انہوں نے کہا کہ ایک طویل عرصے کے بعد ملک میں پاک چین اقتصادی راہداری جیسے بڑے منصوبے سے امید کی کرن پیدا ہوئی ہے جس کے باعث پاکستان دنیا کے نقشے پر ایک مستحکم و خوشحال ریاست کے طور پر جانا جائے گا ۔اس منصوبہ کی تکمیل سے عوام کے لئے روزگار اور کاروبار کے بے شمار مواقع پیدا ہونگے اس منصوبہ کی تکمیل سے ملکی برآمدات میں اضافہ ہوگا ،نئی منڈیاں ملیں گی اور تجارت کو فروغ حاصل ہوگا۔انہوں نے کہا کہ اقتصادی راہداری منصوبہ میں چینی کمپنیوں کی طرف سے 10ہزار میگا واٹ بجلی منصوبوں سے توانائی بحران کا خاتمہ ہوگا۔انڈسٹریز کو اس کی ضروریات کے مطابق بجلی کی مسلسل فراہمی سے صنعتی پہیہ رواں دواں رہے گا جس سے ملک خوشحالی و ترقی کی راہوں پر گامزن ہوگا۔