جائیداد کی خاطر بیٹوں نے بہنوئی سے ملکر ماں باپ کو مار ڈالا
قصور(ویب ڈیسک) مصطفےٰ آباد کے نواح گدوکی میں جائیداد کے تنازعہ پر ناخلف بیٹوں نے اپنے بہنوئی سے ملکر اپنے بوڑھے والدین کو یکے بعد دیگرے فائرنگ کرکے موت کے گھاٹ اتار دیا۔ مقامی اخبار روزنامہ نوائے وقت کے مطابق ملزمان علی احمد اور رمضان نے چند روز قبل اپنے والد ذوالفقار احمد سے مطالبہ کیا کہ جائیداد میں انہیں حصہ دیا جائے۔ اس پر ان میں تکرار ہوئی مگر معاملہ رفع دفع ہو گیا۔ علی احمد اور اس کے بھائی نے اپنے بہنوئی کے ساتھ ملکر والدین کو ہمیشہ کیلئے ٹھکانے لگانے کا منصوبہ تیار کر لیا اوروقوعہ کے روز رمضان اور علی احمد اپنے بہنوئی فرمان علی کے ہمراہ گدوکی گھر میں جا پہنچے اور انہوں نے فائرنگ کرکے پہلے اپنی والدہ صغراں اور اس کے بعد والد کو موت کی نیند سلا دیا۔ مصطفی آباد پولیس نے دونوں نعشوں کو قبضہ میں لیکر ڈی ایچ کیو ہسپتال پہنچا دیا ہے۔ پولیس نے بروقت کارروائی کرکے ایک ملزم علی احمد کو حراست میں لے لیا ہے اور باقی ملزموں کی تلاش شروع کردی ہے۔