فیکٹری سے چھٹی نہ کرنے پر شوہر نے بیوی کو ٹوکے کے وار کر کے موت کے گھاٹ اتار دیا
مانگامنڈی (ڈیلی پاکستان آن لائن )ظالم شوہر نے مزدور بیوی قتل کر دی ، فیکٹری سے چھٹی نہ کرنے پر شوہر نے بیوی کو ٹوکے کے وار کر کے موت کے گھاٹ اتار دیا، ملزم فرار ہو گیا جبکہ پولیس نے لاش مردہ خانے منتقل کر کے مقدمہ درج کرنے کے بعد تفتیش شروع کر دی۔
تفصیلات کے مطابق افسوسناک واقعہ مانگا منڈی کے علاقے میں پیش آیا جہاں شوہر نے اتوار کے روز فیکٹری سے چھٹی نہ کرنے پر بیوی کو ٹوکے کے وار کر کے قتل کر دیا۔ ملزم ابراہیم بیوی نسرین کو قتل کرنے کے بعد بچوں کو ناشتے کے پیسے دیکر موقع سے فرار ہو گیا۔نسرین کے بھائی اور بہن کا کہناہے کہ ملزم ابراہیم اس سے قبل بھی اپنی بیوی کو تشدد کا نشانہ بناتا تھا جبکہ بچوں کا پیٹ پالنے کے لئے مقتولہ نسرین فیکٹری میں ملازمت کرتی تھی۔ نسرین کے ورثا نے اعلی حکام سے ملزم کی گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔پولیس نے موقع سے شواہد اکٹھے کر کے مقتولہ کی لاش پوسٹ مارٹم کے لئے مردہ خانے منتقل کر دی ہے جبکہ ملزم ابراہیم کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔