شوہر کے ہاتھوں جھلسنے والی نئی نویلی دلہن کو سیالکوٹ سے میو ہسپتال منتقل کردیا گیا

جرم و انصاف

لاہور( این این آئی )مبینہ طور پر شوہر کے ہاتھوں جھلسنے والی نئی نویلی دلہن کو سیالکوٹ سے میو ہسپتال منتقل کردیا گیا، آئی جی پنجاب نے ڈی پی او سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے ملزمان کی گرفتاری کا حکم دے دیا۔
بتایا گیا ہے کہ سیالکوٹ کی رہائشی 22سالہ مہ جبین نے دو ماہ قبل بلال سے پسند کی شادی کی تھی ۔ مبینہ طور پر شوہر بلال نے اپنی بہن کے ساتھ مل کر مٹی کا تیل چھڑک کر مہ جبین کو آگ لگا دی جس سے وہ بری طرح جھلس گئی ۔مہ جبین کو ایک روز بعد تشویشناک حالت میں سیالکوٹ سے لاہور کے میو ہسپتال میں منتقل کر دیا گیا ہے جہاں اس کا علاج جاری ہے ۔
لڑکی کے والد محمد آصف کا کہنا ہے کہ پہلے بھی جھگڑے کے بعد صلح کرا دی تھی، بلال کی یہ دوسری شادی ہے۔ مہ جبین کے والد کی جانب سے تھانہ رنگپورہ سیالکوٹ میں اندراج مقدمہ کی درخواست دیدی گئی۔ آئی جی پنجاب کیپٹن (ر) عارف نواز نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی پی او سیالکوٹ سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے ملزمان کی گرفتاری کا حکم دیدیا ہے ۔