غیرت کے نام پر باپ نے بیٹی کو قتل کر دیا ‘مقتولہ نے گھر والوں کی مرضی کے خلاف شادی کی تھی

جرم و انصاف

 بدین (ویب ڈیسک) صوبہ سندھ کے ضلع بدین میں ٹنڈو باگو پولیس سٹیشن کی حدود میں ایک 20 سالہ نوجوان خاتون کو ان کے والد نے مبینہ طور پر غیرت کے نام پر قتل کر دیا۔ سٹیشن ہائوس آفیسر (ایس ایچ او) ٹنڈو باگو انور علی لغاری نے نجی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ ملزم محمد ابراہیم سومرو نے خود کو پولیس کے حوالے کرتے ہوئے اپنی بیٹی کو قتل کرنے کا اعتراف کیا۔

انہوں نے اپنی بیٹی کو غیرت کے نام پر قتل کیا جس نے 6 ماہ قبل گھر والوں کی مرضی کے خلاف ضلع میرپور خاص کے محمد ایوب راجڑ سے پسند کی شادی کی تھی۔ ایس ایچ او کے مطابق واقعے کی ایف آئی آر مقتول لڑکی کے بھائی اللہ بخش سومرو کی مدعیت میں درج کر لی گئی جبکہ خاتون کی نعش تعلقہ ہسپتال میں پوسٹ مارٹم کے بعد ورثاءکے حوالے کر دی گئی۔ علاقہ مکینوں نے بتایا کہ لڑکی کے والد اور بھائی اسے اس وعدے پر واپس لائے تھے کہ وہ روایتی طریقے سے اس کی شادی کریں گے لیکن بعد میں وہ اپنی بات سے مکر گئے اور اسے قتل کر دیا۔