میانوالی میں باپ نے بیٹی اور سابق داماد کو غیرت کے نام پر قتل کر دیا
میانوالی(ویب ڈیسک)تھانہ چکڑالہ کی حدود میں شہری نے غیرت کے نام پر سابق داماد اور بھانجے کو اپنی بیٹی سمیت موت کے گھاٹ اتار دیا اور موقع سے فرار ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق مقتول اکرم شہزاد نے اپنے ماموں کی صاحبزادی اور بیوی کو طلاق دیدی تھی لیکن ایک ہفتہ قبل چھوٹی سالی (ح) کو گھر سے بھگا کر لے گیا ، برادری کی مداخلت کے بعد دونوں گھر واپس آگئے جس کے بعد لڑکی کے والد اشرف نے اکرم شہزاد کے گھر میں گھس کر فائرنگ کرکے دونوں کے موت کے گھاٹ اتار دیا اور موت کی تسلی کے بعد موقع سے غائب ہوگیا۔ بعض ذرائع نے روزنامہ پاکستان کو بتایا کہ لڑکی کے والد نے دونوں کو گھر سے دور قابل اعتراض حالت میں دیکھ لیا تھا جس کی وجہ سے طیش میں آکر دونوں کو موت کے گھاٹ اتاردیا۔
پولیس کے مطابق مقتول کے بھائی فرید احمد کی درخواست پر لاشیں تحویل میں لے کر پوسٹمارٹم کے لیے ڈیڈ ہائوس میانوالی منتقل کردی گئی ہیں جبکہ رپورٹ کو مدنظر رکھتے ہوئے مقدمہ درج کیا جائے گا تاہم ابتدائی طورپر ملزم کی گرفتاری عمل میں نہیں لائی جاسکی ۔