معمولی جھگڑے پر شوہر نے بیوی کو آگ لگا کر چہرہ اور انگلیاں کاٹ دیں
چنیوٹ (مانیٹرنگ ڈیسک )چنیوٹ میں معمولی جھگڑے پر شوہر نے تیل چھڑک کر بیوی کو آگ لگا نے کے بعد چھریوں کے وار کر کے چہرہ اور زبان زخمی کر دی اور مزاحمت پر انگلیاں کاٹ دیں ، جلنے سے خاتون کا 80 فیصد جسم جل گیا ہے۔
محلہ لاہوری گیٹ کی رہائشی عاصمہ دختر ذوالفقار کی شادی سات سال قبل ارشد ولد محمد حسین سے ہوئی اور اس کے بطن سے ایک چار سالہ بیٹا معیز بھی ہے، محمد ارشد بے روزگار ہے جبکہ عاصمہ نے بیوٹی پارلر بنا رکھا ہے۔ عاصمہ کے کردار پرارشد کو شک بھی تھا اور اکثر گھر میں اسی وجہ سے جھگڑا بھی رہتا تھا۔ ہفتے کو جب ارشد شراب کے نشہ میں دھت ہوکر گھر آیا اور اس نے بیوی کو کہا کہ انڈہ بنا کر دو تو عاصمہ نے دو منٹ کا ٹائم مانگا۔ جس پر ارشد حسین غصے میں آکر خود ہی گھی اور تیل مکس کر کے چولہے پر چڑھا دیا اور اندر کمرے میں لیٹی ہوئی عاصمہ کا کمبل اٹھا کر اس پر کھولتا ہوا تیل اور گھی پھینک دیا۔ بعد ازاں اس کے سینے پر بیٹھ کر چھری کی مدد سے اس کے چہرے کو دونوں طرف سے کاٹ دیا اور اس کے ہاتھ کی انگلیاں بھی کاٹ دیں۔ عاصمہ کے شور مچانے پر ظالم شوہر نے اس کی زبان کو پکڑ کر اس پر چھری چلا دی تاہم شور سن کر جب اہل علاقہ اکٹھے ہوئے تو ملزم ارشد موقع سے فرار ہوگیا۔ پولیس تھانہ سٹی نے عاصمہ کو ہسپتال پہنچایا اور ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کردی ہے۔ دوسری طرف ڈی پی او عبدالقادر قمر نے ایس ایچ او کو 48 گھنٹے میں ملزم کی گرفتاری کا حکم دے دیا ہے۔