کرنسی سمگلنگ کیس: لاہور ائیرپورٹ سے گرفتار شخص کے اہم انکشافات، مسلم لیگ ن کیلئے بڑی مشکل کھڑی ہو گئی

کرنسی سمگلنگ کیس: لاہور ائیرپورٹ سے گرفتار شخص کے اہم انکشافات، مسلم لیگ ن ...
کرنسی سمگلنگ کیس: لاہور ائیرپورٹ سے گرفتار شخص کے اہم انکشافات، مسلم لیگ ن کیلئے بڑی مشکل کھڑی ہو گئی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر کروڑوں روپے مالیت کا سونا اور نقدی سمگل کرنے کی کوشش میں گرفتار شخص نے انکشاف کیا ہے کہ وہ اکیلا نہیں بلکہ اس کا تعلق ایک منظم گروہ سے ہے جس کی سرپرستی توفیق عرف ٹافی بٹ کرتا ہے۔ ذرائع کے مطابق ملزم عبدالباسط کے انکشاف کے بعد مسلم لیگ ن کیلئے بڑی مشکل کھڑی ہوگئی ہے کیونکہ توفیق عرف ٹافی بٹ کا اعلیٰ حکومتی شخصیت کے انتہائی قریب تصور کیا جاتا ہے۔
ذرائع کے مطابق عبدالباسط اکیلا نہیں ہے بلکہ توفیق عرف ٹافی بٹ کی زیر نگرانی گروہ کا حصہ ہے جو اب تک اربوں روپے کی رقم سمگل کر چکا ہے۔ توفیق بٹ کی ائیرپورٹ پر موجود تین دکانوں کے ذریعے سمگلنگ کی جاتی ہے اور ائیرپورٹ عملہ بھی اس میں ملوث ہے۔ عبدالباسط نے دوران تفتیش توفیق عرف ٹافی بٹ کا نام لیا اور بتایا کہ توفیق عرف ٹافی بٹ اہم شخصیت کے انتہائی قریب تصور کیا جاتا ہے اور وہ اب تک اب تک کھربوں روپے باہر بھجوا چکا ہے۔
نجی ٹی وی اے آر وائی نیوز پر چلائی گئی ویڈیو میں توفیق عرف ٹافی بٹ کو ایک تقریب کے دوران وزیراعظم نواز شریف کے پیچھے کھڑا دکھایا گیا ہے۔ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ وزیراعظم نواز شریف تقریب سے خطاب کر رہے ہیں جبکہ توفیق عرف ٹافی بٹ ان کے پیچھے کھڑا تالیاں بجا رہا ہے۔
واضح رہے کہ اسلام آباد سے گرفتار ہونے والی ماڈل ایان علی کے بھی اعلیٰ حکومتی شخصیات کے ساتھ تعلقات کا انکشاف ہوا تھا اور پیپلز پارٹی کے کچھ رہنماﺅں کے نام گردش کرتے رہے تاہم اب لاہور سے گرفتار ہونے والے عبدالباسط کے انکشافات نے وفاق میں حکمران جماعت کیلئے بھی بڑی مشکل کھڑی کر دی ہے کیونکہ قانونی ماہرین اس کیس کو ایان علی کے کیس سے بھی بڑا تصور کر رہے ہیں جس میں سونے کی مالیت 15 کروڑ روپے اور نقد رقم 3 کروڑ روپے بتائی جا رہی ہے۔ واضح رہے کہ ماڈل ایان علی کو اسلام آباد ائیرپورٹ پر 5 لاکھ ڈالر سمگل کرنے کی کوشش میں گرفتار کیا گیا تھا۔