گرمیت سنگھ کی منہ بولی بیٹی ہنی پریت کو ’’اشتہاری مجرم‘‘ قرار دینے کے لئے قانونی کارروائی شروع،جائیداد بھی قرق کر لی جائے گی :ڈی جی پولیس ہریانہ
چندی گڑھ(ڈیلی پاکستان آن لائن)بھارت کے ’’رنگیلے بابا‘‘ گرمیت رام رحیم سنگھ کی مفرورمنہ بولی بیٹی اور’’ مبینہ معشوقہ‘‘ ہنی پریت سنگھ کے برے دن شروع ہو گئے ،ہریانہ پولیس نے درگاہ سچا سودا کے 2عہدے داروں سمیت ہنی پریت کو’’ اشتہاری مجرم‘‘ قرار دینے اور جائیداد قرق کرنے کے لئے قانونی کارروائی شروع کر دی ہے ۔
بھارتی نجی ٹی وی ’’این ڈی ٹی وی ‘‘ کے مطابق ہندوستانی ریاست ہریانہ کے ڈی جی پولیس نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ سچا سودا کے نگران ادتیہ انسا ،پون انسا اور گرمیت رام سنگھ کی منہ بولی بیٹی ہنی پریت کے مفرور ہونے کے بعد پولیس نے ان کی گرفتاری کے لئے جگہ جگہ چھاپے مارے ہیں تاہم یہ تینوں مفرور ابھی تک قانون کی گرفت میں نہیں آ سکے ،اب پولیس نے فیصلہ کیا ہے کہ ان تینوں کو اشتہاری قرار دینے اور ان کی جائیداد قرق کرنے کے لئے قانونی کارروائی میں تیزی لائی جائے گی ۔انہوں نے کہا کہ ہم ان تینوں مفرور ملزموں کو اشتہاری قرار دینے کے لئے حتمی کارروائی کرنے لگے ہیں جس کے بعد ان کے پاس اپنے بچاؤ کا کوئی راستہ نہیں بچے گا ،میں ان تینوں ملزموں کو انتباہ دینا چاہتا ہوں کہ اس سے قبل کہ انہیں اشتہاری قرار دیا جائے وہ جہاں بھی چھپ کر بیٹھے ہیں اَز خود پولیس کو گرفتاری دے کر ہریانہ فسادات کے حوالے سے ہونیوالی تحقیقات میں شامل ہو جائیں ۔انہوں نے کہا کہ ہنی پریت کے خلاف 25اگست سے قبل ریاست میں کوئی مقدمہ درج نہیں تھا لیکن سچا سودا کے اہم عہدے دار سریندر دھیمان سے ہونے والی تفتیش کے بعد اس کا سارا کردار ہی مشکوک ہو گیا ہے اور اس کے خلاف بھی نامزد مقدمہ درج ہو چکا ہے ۔ہنی پریت کے بارے گرمیت رام سنگھ سے تفتیش کے حوالے سے ہریانہ پولیس کے ڈی جی کا کہنا تھا کہ اگر ضرورت پڑی تو وہ اس سلسلہ میں کسی کو بھی شامل تفتیش کر سکتے ہیں۔