چور بینک لوٹ کر چلے گئے، کسی کو کانوں کان خبر نہ ہوئی
چندی گڑھ(نیوزڈیسک)حال ہی میں کچھ پاکستانی جیلوں سے قیدی بھگانے کے لئےزیر زمین سرنگوں کا انکشاف ہوا تھالیکن بھارت میں اب چوروں نے یہ حکمت عملی بینک لوٹنے کے لئے بھی اپنا لی ہے۔ بھارتی ریاست ہریانہ میں چوروں نے 125فٹ کی سرنگ کھود کر سرکاری بینک ، پنجاب نیشنل بینک سے کروڑوں روپے کی مالیت کا سونا اور نقدی لوٹ لی۔ بینک عملے کو چوری کی واردات کا علم پیر کی صبح کو ہوا جبکہ پولیس کی تحقیقاتی ٹیم کا خیال ہے کہ بینک لوٹنے کی واردات ہفتہ کی رات کو کی گئی ہے۔بینک لوٹنے کی واردات چندی گڑھ سے 200کلومیٹر دور گوہانہ شہر میں ڈالی گئی۔بینک مینیجر کے مطابق چوروں نے 360بینک لاکرز میں سے 90لوٹیں ہیں اور اس کی مالیت کروڑوں میں بتائی گئی ہے۔ پولیس کی تحقیقا ت کے مطابق اڑھائی فٹ کی سرنگ بینک کے نزدیک واقع خالی عمارت سے کھودی گئی ہے جبکہ عمارت کے دو کمروں سے پولیس کو کھودی گئی مٹی بھی ملی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ چور اس قدر چالاک تھے کہ انہوں نے ویران عمارت کی کھڑکیوں پر گتے کے بورڈ لگا رکھے تھے تا کہ ان کی کاروائیوں کا باہر کے لوگوں کو علم نہ ہوسکے۔جبکہ پولیس کا یہ بھی ماننا ہے کہ اس تمام عمل کی منصوبہ بندی میں تقریباً ایک ماہ کا وقت لگا۔پولیس کا خیال ہے کہ وہ بینک کے سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے چوروں تک پہنچنے کی کوشش کریں گے تاہم یہ امر بھی دلچسپی سے خالی نہیں کہ بینک لاکر والی جگہ پر سی سی ٹی وی کیمرے ہی نہیں لگے ہوئے جس سے پولیس کی مشکلات میں اضافہ ہو گیا ہے۔