پاکستان فلم انڈسٹری کیلئے ندیم، سیدنوراورمیری خدمات کسی سے ڈھکی چھپی نہیں،مصطفےٰ قریشی

پاکستان فلم انڈسٹری کیلئے ندیم، سیدنوراورمیری خدمات کسی سے ڈھکی چھپی ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور ( فلم رپورٹر) پاکستان فلم انڈسٹری پربرسوں راج کرنے والے سینئراداکارمصطفیٰ قریشی نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی کے چےئرمین بلاول بھٹوسے فلم انڈسٹری کے وفد کی کراچی میں ہونے والی ملاقات میں سینئرفنکاروں کونظراندازکیا گیا ہے۔ میٹنگ کا اہتمام کرنے والے اس قدرغافل تھے کہ انہوں نے فلمسٹارندیم ، ہدایتکارسیدنور اورمیرے کراچی میں ہونے کے باوجود ہم سے رابطہ نہ کیا، اگربلاول بھٹوسے ہم سب مل کرملاقات کرتے اوراپنی تجاویزپیش کرتے تو اس کے مثبت نتائج سامنے آتے۔ بلاول بھٹوسے ملاقات کرنے والے وفد میں زیادہ اکثریت ٹی وی انڈسٹری سے وابستہ فنکاروں کی تھی ، جوہمارا حصہ ہیں۔ مگرمجھے لگتا ہے کہ ہم زیادہ بہترانداز سے اپنی تجاویز پیش کرسکتے تھے۔ پاکستان فلم انڈسٹری کیلئے ندیم، سیدنوراورمیری خدمات کسی سے ڈھکی چھپی نہیں۔
ان خیالات کا اظہارمصطفیٰ قریشی نے گفتگوکرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو پاکستان کی سب سے بڑی سیاسی جماعت کے چےئرمین ہیں ، ان سے ملاقات کے لئے فلم انڈسٹری کا ایک بہتربڑاوفد تیارکیا جاتا اوران لوگوں کو مدعو کیاجاتا جنہوں نے اپنی تمام عمر فلم انڈسٹری کیلئے وقف کئے رکھی ہے۔ لیکن مجھے لگتا ہے کہ اس طرح سے بلاول بھٹو کی بے حرمتی کی گئی ہے۔ بلاول بھٹوکوتواس وفد کے بارے میں زیادہ معلومات نہیں ہوگی، لیکن میٹنگ کا اہتمام کرنے والوں کوضرور اس بارے میں سوچنا چاہئے تھا۔ ایک سوال کے جواب میں مصطفیٰ قریشی نے کہا کہ جاوید شیخ سمیت وفد میں شامل تمام فنکارہمارے اپنے ہیں، مگرندیم، سیدنور اورمیرے تجربے سے بھی فائدہ ہوسکتاتھا۔ آصف علی زرداری کے دورحکومت میں گورنرہاؤس پنجاب میں ، میری ملاقات ہوئی تومیرے ہمراہ فلم انڈسٹری کے معروف فنکارشامل تھے۔ سابق صدر نے بڑی توجہ کے ساتھ ہماری تجاویز سنیں اوران پرسنجیدگی سے عملدرآمد کی یقین دہانی بھی کروائی لیکن پھرنامعلوم وجوہات کی وجہ سے ان پرعملدرآمد نہ ہوسکا۔ انہوں نے کہا کہ میں 13ستمبرکوکراچی میں ہونے والی ایک تقریب میں اس حوالے سے مزید بات کرونگا۔

مزید :

کلچر -