ماہرہ کی حمایت اور میرا کی مخالفت میں شوبز شخصیات کا اظہار خیال
لاہور(فلم رپورٹر)اداکار و ماڈل موسیٰ خان ،مایا سونو خان ،سہراب افگن سمیت شوبز کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والوں کا نیویارک میں ماہرہ خان کی رنبیر کپور کے ساتھ سگریٹ پیتے ہوئے تصاویر پر اظہار خیال کا سلسلہ جاری ہے۔اداکارہ کی حمایت میں شوبز حلقوں کا کہنا ہے کہ میرا سمیت کسی کو ماہرہ خان کی ذاتی زندگی میں مداخلت کی اجازت نہیں ہے۔خاص طور پر میرا جیسی جھوٹی اور منافق عورت کوماہرہ خان کے خلاف بات کرتے ہوئے شرم آنی چاہیے۔ دوسری جانب ماہرہ خان نے اپنے ٹویٹ میں کہا ہے کہ میں سگریٹ پیوں ،چرس پیوں یا کچھ اور کروں مجھے کسی کی پرواہ نہیں ہے ۔گزشتہ روز پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان اور بھارتی اداکار رنبیر کپور کی نیویارک میں آدھی رات کو سگریٹ پیتے ہوئے وائرل ہونے والی تصاویر نے سوشل میڈیا پر ہنگامہ مچادیا تھا، سوشل میڈیا صارفین نے ماہرہ کو نامناسب لباس پہننے اورسگریٹ پینے جیسی غیر اخلاقی حرکت کرنے پر انہیں نہ صرف شدید تنقید کا نشانہ بنایا بلکہ انہیں تہذیب اور اخلاقیات کا درس دیتے ہوئے ملکی اقدار کا خیال رکھنے کا بھی لیکچر دے رہے ہیں۔اداکار و ماڈل موسیٰ خان نے کہا کہ ہرانسان کواپنی زندگی مرضی سے گذارنے کا حق حاصل ہے اگر اس سے کسی کو نقصان نہیں پنچ رہا جیسے ہم مرد گزارتے ہیں ، ہمیں کسی کے بارے میں اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے عقلمندی کا مظاہرہ کرنا چاہئے۔سینئر اداکارہ و ماڈل مایا سونو خان نے پاکستانی اداکارہ کو تنقید کا نشانہ بنانے والوں کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ ماہرہ خان کو پورا حق حاصل ہے کہ وہ اپنی زندگی کو جیسے چاہے گذارے میرا کو ہر ایک کے ذاتی معاملات میں دخل اندازی کرکے جھوٹی اور سستی شہرت حاصل کرنے کی عادت پڑ گئی ہے۔سینئر اداکار و ڈائریکٹر سہراب افگن نے کہا کہ ہمارے معاشرے میں باتوں کو بڑھا چڑھا کر پیش کرنا بدقسمتی کی بات ہے۔ میرا کو ماہرہ خان پر تنقید کرنے سے قبل اپنے گریبان میں جھانکنا چاہیے۔وہ ماہرہ خان کے بارے میں بات کرنے سے قبل اپنی غیر اخلاقی ویڈیو بھول گئی ہے۔آغا حیدر،اچھی خان،یار محمد شمسی صابری ،ہنی شہزادی،نیلم منیر ،سٹار میکر جرار رضوی ،سہیل اسلم،حنا خان،ایان شاہ نے بھی ملے جلے خیالات اور جذبات کا اظہار کیا ہے۔