بھارت میں خاتون کی ایمبولینس کو زچگی کے دوران شیروں نے گھیرے میں لے لیا لیکن بہادار ایمبولینس ڈرائیور۔۔۔۔۔ایسا واقعہ جسے پڑھ کر آپ کے رونگٹے کھڑے ہوجائیں گے
نئی دلی ( نیوز ڈیسک) کسی حادثے یا ٹریفک جام کی وجہ سے ایمبولینس کے بروقت ہسپتال تک نہ پہنچ پانے کے بارے میں تو آپ نے سنا ہو گا لیکن بدھ کے روز بھارتی شہر جعفرآباد کے گاؤں لنسا پور کے قریب اس وقت حیران کن واقعہ پیش آیا جب ایک ایمبولینس کو شیروں کے ایک گروہ نے ہسپتال جانے سے روک دیا۔ اس ایمبولینس میں ایک حاملہ خاتون کو ہسپتال لیجایا جا رہا تھا لیکن شیروں کی افسوسناک حرکت کی وجہ سے خاتون نے ایمبولینس میں ہی بچے کو جنم دیا۔
ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق خاتون کے گھر والوں نے اسے ہسپتال لیجانے کیلئے 108 ایمر جنسی پر کال کر کے ایمبولینس منگوائی تھی۔ جب یہ ایمبولینس گاؤں سے تقریباً 3 کلومیٹر کی دوری پر پہنچی تو اس کے سامنے درجن بھر شیروں کا ایک گروہ آگیا۔ مقامی ایمر جنسی کے سربراہ چیتن گادیا کا کہنا تھا کہ ڈرائیور شیروں کے راستے سے ہٹنے کا انتظار کرتا رہا لیکن انہوں نے اپنی جگہ چھوڑنے سے انکار کر دیا۔ خاصے انتظار کے بعد بھی شیر اپنی جگہ سے نہ ہٹے اور اسی دوران خاتون نے ایمبولینس میں ہی بچے کو جنم دے دیا ۔ بچے کی پیدائش کے کچھ دیر بعد شیر وہاں سے چلے گئے جس کے بعد خاتون کو جعفرآباد گورنمنٹ ہسپتال لیجایا گیا، جہاں ماں اور بچہ دونوں خیریت سے ہیں۔