متحدہ عرب امارات میں غیر ملکی طالبعلموں کےلئے خوشخبری
ابوظہبی (مانیٹرنگ ڈیسک) محکمہ تعلیم کے حکام نے فیصلہ کیا ہے کہ بیرون ممالک سے تعلق رکھنے والے طلباءاپنے واجب الادا واجبات چار ماہ کی اقساط میں اداکر سکتے ہیں۔ اخبار ”امارات الیوم“ نے حکام کے حوالے سے بتایا ہے کہ یہ سہولت سے غیر ملکی شہریوں کو بچوں کیلئے ہے تاکہ وہ ان کے ذمہ واجب الادا فیسوں کو بآسانی ادا کرسکیں اور ریاست کے سکولوں میں اپنی تعلیم جاری رکھ سکیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ طلباءکو واجبات کی عدم ادائیگی کی وجہ سے نئے تعلیمی سال میں شامل ہونے سے روکا نہیں جائے گا۔ طلباءاپنی تعلیم کا آغاز کرسکتے ہیں اور دسمبر تک چار اقساط میں فیس ادا کرسکتے ہیں تاہم اس کیلئے ضروری ہوگا کہ طلباءکے والدین تحریری ضمانت دیں کہ طے شدہ وقت میں واجبات ادا کردئیے جائیں گے۔ ریاست کے تعلیمی ادارے Adec کا کہنا ہے کہ طلباءکے والدین کی سماجی حیثیت کا جائزہ لینے کے بعد فیصلہ کیا گیا تھا کہ ضرورتمند طلباءکی فیس خیراتی ادارے اداکریں گے اور جن طلباءکو اس مدد کا حقدار نہیں قرار دیا گیا تھا انہیں چار ماہ قسطوں میں ادائیگی کی سہولت دی گئی تھی۔ کونسل کے مطابق گرید 1 سے 12 تک کے طلباءکی سالانہ فیس 6000 درہم (تقریباً 166833 پاکستانی روپے) ہے۔